کراچی :بارش کے دوران کرنٹ سے ہلاکتوں پر کے الیکٹرک کیخلاف تحقیقات شروع

سینئر افسران پر مشتمل ٹیم تحقیقات کے لیے تعینات ہے اور ٹیم 15 دن میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی،نیپرا

ہفتہ 17 اگست 2019 16:26

کراچی :بارش کے دوران کرنٹ سے ہلاکتوں پر کے الیکٹرک کیخلاف تحقیقات شروع
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کے واقعات پر کے الیکٹرک کے خلاف باضابطہ تحقیقات شروع کردی گئیں۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپر)کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے بعد کرنٹ سے ہلاکتیں ہوئیں اور بجلی بھی معطل رہی جس پر کے الیکٹرک کے خلاف باضابطہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں یہ حقائق نیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہیں، سینئر افسران پر مشتمل ٹیم تحقیقات کے لیے تعینات ہے اور ٹیم 15 دن میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی۔واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے جب کہ کرنٹ لگنے سے کئی علاقوں میں قربانی کے جانور بھی ہلاک ہوئے۔اس کے علاوہ شہر میں بارشوں کے دوران کئی علاقوں میں تین روز تک بجلی معطل رہی اور اس دوران کے الیکٹرک کے ہیلپ لائن سینٹر کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔