Live Updates

وزیر اعظم عمران خان ملک کو معاشی ،دفاعی اوراقتصادی طور پر مضبوط کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں‘ نعمان لنگڑیال

خطے میں امن کیلئے جاری کوششوں کے تناظر میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع درست فیصلہ ہے ‘ وزیر زراعت

پیر 19 اگست 2019 17:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو معاشی ،دفاعی اوراقتصادی طور پر مضبوط کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،خطے میں امن کیلئے جاری کوششوں کے تناظر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع درست فیصلہ ہے جس کے دورس نتائج مرتب ہوں گے، انشا اللہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کامعاشی حب بنے گا ،پنجاب میں سبز انقلاب کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کے جلد ثمرات سامنے آئیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ پاکستان کو کئی دہائیوں بعد عمران خان کی صورت میں ایماندار قیادت نصیب ہوئی ہے جس کی وجہ سے ساری دنیا پاکستان پر اعتماد کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے خارجہ محاذ پر بے پناہ کامیابیاں سمیٹی ہیں جس سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آرہی ہے ۔

انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کے حوالے سے کہا کہ موجودہ آرمی چیف ایک پروفیشنل سولجر ہیں اورملک کے اندر اور خطے میں امن کیلئے ان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ خطے کے موجودہ حالات کے تناظر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع درست فیصلہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے زراعت کی ترقی اور کسانوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے ہیں ۔

ہمارا عزم ہے کہ ہم نے صوبے میں سبز انقلاب لاناہے اور اس کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ زرعی اجناس کی پیداوار بڑھانے کیلئے ریسرچ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور حال ہی میں زرعی اجناس اور چارہ جات کے ایسے بیج متعارف کرائے گئے ہیں جو موسمی حالات اوربیماریوں کیخلاف بھرپو رقوت مدافعت رکھتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات