Live Updates

پاکستان کے تجارتی خسارہ میں 19 فیصد تک بہتری، ایک سال کے دوران خسارہ 37.6 ارب ڈالر سے کم ہو کر 30.6 ارب ڈالر ہو گیا

پیر 19 اگست 2019 21:40

پاکستان کے تجارتی خسارہ میں 19 فیصد تک بہتری، ایک سال کے دوران خسارہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) پاکستان کے تجارتی خسارہ میں 19 فیصد تک بہتری آئی ہے جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران تجارتی خسارہ 37.6 ارب ڈالر سے کم ہو کر 30.6 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کی گئی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق ملکی برآمدات 23 ارب ڈالر پر مستحکم رہیں جبکہ پلوامہ واقعہ کے تناظر میں خطہ کی غیر یقینی صورتحال، بڑی کرنسیوں کی قدر میں کمی اور امریکہ اور چین جیسی دو بڑی مارکیٹوں میں ٹریڈ وار کے باعث برآمدات محفوظ رہیں۔

پالیسی اقدامات، تین سال کے لئے پی ایم ایکسپورٹ انہانسمنٹ پیکیج، توانائی کی قیمتوں میں پانچ بڑے برآمدی شعبوں کو ریلیف کی فراہمی، برآمدی صنعت کے 422 خام مال پر شرح تبادلہ اور برآمدی ٹیرف میں رعایت کے باعث برآمدات مستحکم رہیں۔

(جاری ہے)

ملکی درآمدات 60 ارب ڈالر سے کم ہو کر 53.8 ارب ڈالر ہو گئیں جن میں 12 فیصد یعنی 7 ارب ڈالر کی بچت ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق غیر ضروری درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہے، درآمدی فوڈ آئٹمز پر سینیٹری اور Phytosanitary پابندیاں عائد ہیں جبکہ درآمدی خوراک کی اشیاء پر لازمی حلال سرٹیفیکیشن کی پابندی عائد ہے۔

استعمال شدہ کاروں کی درآمد کے طریقہ کار کو درآمدی پالیسی کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے بہتر کیا گیا ہے۔ چین نے پاکستانی ٹیکسٹائلز اور خوراک کی اشیاء بشمول ایک ارب ڈالر مالیت کی یارن، چینی اور چاول کو ڈیوٹی فری مارکیٹ رسائی کی اجازت دی ہے۔ پاکستان ۔ انڈونیشیا ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی ای) کے تحت پاکستان نے 20 اشیاء کیلئے انڈونیشیا سے یکطرفہ مارکیٹ رسائی حاصل کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق عمران خان کے جنوری 2019ء میں قطر کے دورہ کے نتیجہ میں قطر میں پاکستانی باسمتی چاول پر 8 سالہ پابندی اٹھا لی گئی ہے۔ جولائی 2019ء میں 4000 ٹن پاکستانی باسمتی چاول کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات