بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں ، شاہ محمود قریشی

نیپال سارک کا سربراہ ہونے کے ناطے مقبوضہ کشمیر کے نہتے انسانوں کو بھارتی بربریت سے بچانے ،خطے میں قیام امن کیلئے کردار ادا کرے ، وزیر خارجہ کی نیپالی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو

جمعرات 22 اگست 2019 21:39

بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ سیکورٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں ،مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سترہ روز سے کرفیو جاری ہے جس کے سبب انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک تک دستیاب نہیں ہو پا رہی، نیپال، سارک کا سربراہ ہونے کے ناطے مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے انسانوں کو بھارتی بربریت سے بچانے اور خطے میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔

جمعرات کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیپالی وزیر خارجہ پردیپ کمار گیاوالی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے نیپالی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سترہ روز سے کرفیو جاری ہے جس کے سبب انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک تک دستیاب نہیں ہو پا رہی ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ انسانی حقوق پر کام کرنیوالی بین الاقوامی تنظیم ’جینو سائیڈ واچ ‘ نے جینو سائیڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں سفاکانہ قتل عام کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیپال، سارک کا سربراہ ہونے کے ناطے مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے انسانوں کو بھارتی بربریت سے بچانے اور خطے میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔نیپالی وزیر خارجہ نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیپال اس ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے انہوں نے فریقین کو تصفیہ طلب امور کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں وزرائے خارجہ کا خطے میں قیام امن کیلئے باہمی روابط جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔