Live Updates

وزیراعظم کی بڑی یونیورسیٹیزکو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظوری

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، وزیراعظم ہاؤس میں انجینئرنگ وٹیکنالوجی یونیورسٹی کی فزیبلٹی پرمشاورت، ملک بھر کی اسکالرشپ اسکیموں کو احساس پروگرام کے ساتھ منسلک ہونا چاہیے۔وزیراعظم عمران خان کی ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 24 اگست 2019 17:33

وزیراعظم کی بڑی یونیورسیٹیزکو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظوری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 اگست 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے بڑی یونیورسیٹیزکو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کرلی، انہوں نے کہا کہ جامعات اپنے تحقیقی کام کی بنیاد پر کاروباری منصوبوں کا آغاز کریں،اسکالرشپ اسکیموں کو احساس پروگرام کے ساتھ منسلک ہونا چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلا ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری، عطا الرحمان، چیئرمین ایچ ای سی طارق بینوری و دیگر شریک ہوئے۔

 اجلاس میں وزیراعظم ہاؤس میں انجینیرنگ وٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے سے متعلق فزیبلٹی پر مشاورت کی گئی۔ وزیرسائنس و ٹیکنالوجی نے سائنسی و تکنیکی تعلیم سے متعلق وزارت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے 15 یونیورسٹیوں کو بین الاقوامی معیارپرلانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پرکام کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

یونیورسٹیز اپنے تحقیقی کام کی بنیاد پر کاروباری منصوبوں کا آغاز کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں اسکالرشپ اسکیموں کو احساس پروگرام کے ساتھ منسلک ہونا چاہیے۔ اجلاس میں فواد چودھری اور چیئرمین ایچ ای سی نے 15 بڑی یونیورسیٹیز کوایلیٹ اسٹیٹس دینے کی سفارش کی۔ جس پر وزیراعظم نے بڑی یونیورسیٹیزکو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کرلی۔

وزیراعظم نے زراعت کی ویلیوایڈیشن سے متعلق مضامین کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی گفتگوکی گئی۔ مزید برآں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم نے5 سال میں دس ارب کے درخت لگانے کی مہم کا آغازکیا ہے۔ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہیں،اس مہم کو کامیاب بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کشمیرکاز کو سپورٹ کرنے کیلئے فوکل گروپ قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اسی ہفتے قوم سے خطاب کریں گے۔اس ہفتے کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں کشمیری بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی فعال اور متحرک قیادت میں ملک میں استحکام لا رہی ہے اور عوام کے بہترین مفاد کیلئے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی غیر معمولی رہی کیونکہ عوام نے اپنے معیار زندگی کی بہتری کیلئے عمران خان کو ووٹ دیئے تھے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں اور کارکردگی سے خوش ہے جبکہ ملک میں قانون اور انصاف کی حکمرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور ملک میں سیاسی و اقتصادی استحکام لایا جا رہا ہے انہوں نے کہاکہ حکومت نے کراچی کی رونقیں واپس لانے کاعز م کر رکھا ہے کیونکہ یہ ملک کی اقتصادی سرگرمیوں کا گڑھ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات