چیئرمین نیب نے جعلسازی میں ملوث ملزم عاطف زمان کے خلاف ڈی جی نیب کراچی کو انکوائری کا حکم دیدیا

ہفتہ 24 اگست 2019 18:14

چیئرمین نیب نے جعلسازی میں ملوث ملزم عاطف زمان کے خلاف ڈی جی نیب کراچی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نجی ٹی وی کے اینکر پرسن مرید عباس سمیت میڈیا اور دیگر افراد سے مبینہ طور پر اربوں روپے جعلی ٹائروں کے کاروبار کے نام پر بڑے پیمانے پر عوام الناس کو لوٹنے والے ملزم عاطف زمان کے خلاف ڈی جی نیب کراچی کو انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔

واضح رہے کہ ملزم عاطف زمان نے نجی ٹی وی کے اینکر پرسن مرید عباس اور اس کے دوست خضر عباس کو کراچی میں قتل کردیا تھا جس پر کراچی پولیس نے مقدمہ کے اندراج کے بعد قانونی کارروائی کررہی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء نیب کو بڑے پیمانے پرعوام الناس سے موصول ہونے والی شکایات اور کراچی پولیس کی طرف سے نیب کو موصول ہونے والی درخواست کی روشنی میں چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ٹائروں کے کاروبارکے نام پر بڑے پیمانے پر عوام الناس کو پرکشش منافع دینے کا جھانسہ دے کر فراد اور دھوکہ دہی کے ذریعہ لوٹنے والے گروہ کے مبینہ سرغنہ ملزم عاطف زمان کے خلاف ڈی جی نیب کراچی بریگیڈیئر فاروق نصر اعوان کو قانون کے مطابق انکوائری کا حکم دیا ہے تاکہ ملزم عاطف زمان اور گروہ کے دیگر ارکان سے دھوکہ دہی اور پرکشش منافع کا جھانسہ دے کر فراڈ کے ذریعہ ہتھیائی گئی مطلوبہ رقوم برآمد کرکے متعلقہ متاثرین کو قانون کے مطابق واپس دلوائی جاسکیں۔