ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں پاکستانی نوجوان بلے باز بابر اعظم کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری

سمرسیٹ کیلئے ایک اور نصف سنچری اسکور کر ڈالی ،ٹی ٹونٹی میں 500سے زائد رنز کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے

اتوار 25 اگست 2019 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) نگلینڈ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں پاکستانی نوجوان بلے باز بابر اعظم کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔سمرسیٹ کیلئے کھیلتے ہوئے بابر اعظم نے گلامورگن کے خلاف ایک اور نصف سنچری اسکور کر ڈالی اور اب ٹورنامنٹ میں ان کے رنز کی تعداد 500 سے زائد ہوگئی ہے۔بابر اعظم کسی بھی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں 500 سے زائد رنز اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یہ ریکارڈ احمد شہزاد کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں بنگلہ دیش پریمیر لیگ کے دوران 486 رنز بنائے تھے۔بابر اعظم کے شاندار 63 رنز کی بدولت ان کی ٹیم نے گلامورگن کیخلاف 25 رنز کی فتح حاصل کی۔انہیں شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ اپنی اننگز کے دوران انہوں نے ایک چھکا اور سات دلکش چوکے لگائے۔اس کے علاوہ 24 سالہ کرکٹر نے ٹی ٹونٹی کیرئیر کے دوران 4000 رنز بھی مکمل کیے اور ایسا کرنے والے وہ تیز ترین پاکستانی ہیں۔