چار سال میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، فلاحی کام جاری رہیں گے، ساجدہ حسرت خان

بدھ 28 اگست 2019 11:32

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2019ء) پی ٹی آئی کی ممبر ضلع کونسل ساجدہ حسرت خان نے کہا ہے کہ ضلع کونسل میں چار سال عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، فلاحی کام جاری رہیں گے، پاکستانی خواتین کشمیری بہنوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں، پاک فوج کشمیر کی جنگ بہترین طریقہ سے لڑ رہی ہے، جب ضرور ت پڑی تو خواتین بھی عملی میدان میں ہوں گی۔

وہ بدھ کو ضلع کونسل کے آخری اجلا س سے خطاب کر رہی تھیں۔ ساجدہ حسرت خان نے کہا کہ ایک وہ دن تھا جب ہم حلف لے رہے تھے اور آج آخری اجلاس میں شریک ہیں لیکن شکر ادا کرتے ہیں کہ ضلع ہری پورنے تمام اضلاع میں اچھے طریقہ سے کونسل کو چلایا جس پر ہم رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان، ضلعی انتظامیہ کے افسران، پولیس، میڈیا نمائندگان اور تینوں ضلعی ناظمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ضلع کی فلاح و بہبود خصوصاً خواتین ممبران کے ساتھ تعاون میں اپنے حصہ کا بھرپور کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مرحوم ضلع ناظم راجہ ناصر کیانی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الله ان کے درجات بلند کرے۔ انہوں نے کشمیرکے حوالہ سے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں اپنی کشمیری بہنوں کے ساتھ برابر کی شریک ہیں، پاک فوج پرامن طریقہ اور صلح صفائی سے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا چاہتی ہے لیکن اگر جنگ ہوئی اور ضرورت پڑی تو خواتین بھی اپنا کردا ر ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور زندگی موت کا مسئلہ ہے جس سے ہم کسی صورت پیچھے نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل میں چار سال رہ کر ہم باالخصوص خواتین کو فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، انشاء الله یہ فلاحی کام آئندہ بھی جاری رہیں گے۔