مکّہ معظمہ میں پولیس اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں جعلی ڈاکٹر گرفتار

ایک عرب ملک سے تعلق رکھنے والا یہ جعلی ڈاکٹر غیر قانونی طور پر لوگوں کا علاج کر کے ان میں دوائیاں بھی تقسیم کرتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 اگست 2019 12:34

مکّہ معظمہ میں پولیس اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں ..
مکّہ معظمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،30 اگست 2019ء) مقامی پولیس نے ایک غیر مُلکی اتائی کو دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ محکمہ صحت کے ترجمان حمد العتیبی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ شخص ایک عرب مُلک سے تعلق رکھتا تھا جو سعودی عرب میں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھا۔ تاہم اس نے اپنی ملازمت کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو کوالیفائیڈ ڈاکٹر کے طور پر بھی مشہور کر رکھا تھا۔

یہ لوگوں کو سستے داموں علاج کا جھانسہ دے کر انہیں بے وقوف بنا رہا تھا۔ ترجمان کے مطابق یہ جعلی ڈاکٹر الزاہر کالونی میں مقیم تھا اور اب تک سینکڑوں لوگوں سے اپنی جعلی ڈاکٹری کے نام پر پیسے اینٹھ چکا تھا۔ لوگ سستے علاج کے چکر میں اس کے پاس آجاتے تھے۔ تاہم کچھ شہریوں کو جب اس شخص سے علاج کروانے کے بعد وقتی افاقہ تو ہوا مگر ان میں جسمانی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں تو انہوں نے محکمہ صحت کو اس شخص کی پریکٹس کے بارے میں اطلاع دی۔

(جاری ہے)

جس پر محکمہ صحت کی جانب سے تفتیش کرنے کے بعد ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ صحت کے اہلکاروں نے پولیس کے ساتھ مِل کر ملزم کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تو وہ اس وقت بھی کسی مریض کو اپنے پاس موجود دوائی دینے میں مصروف تھا۔ اس غیر مُلکی اتائی کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ڈاکٹری کا سامان اور ادویات کا ذخیرہ بھی برآمد ہوا۔ جسے ثبوت کے طور پر ضبط کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں صرف رجسٹرڈ اور کوالیفائیڈ ڈاکٹرز ہی مریضوں کا علاج کر سکتے ہیں۔ کوئی بھی شخص محکمہ صحت میں اپنا اندراج کروائے گئے بغیر یہ کام نہیں کر سکتا۔