اپنے ساتھی کی ہلاکت کا انتقام لینے کے لیے کوئے تین سالوں سے مبینہ قاتل نوجوان پر حملے کر رہے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 7 ستمبر 2019 23:56

اپنے ساتھی کی ہلاکت  کا انتقام لینے کے لیے کوئے تین سالوں سے مبینہ قاتل ..
بھارتی ریاست مدھیا پردیش  کے ایک نوجوان کی زندگی تین سالوں سے الفرڈ ہچکاک کی فلم برڈز  کی طرح گزر رہی ہے۔وہ نوجوان جیسے ہی گھر سے باہر نکلتے ہیں، بہت سے کوے اُن پر حملہ کر دیتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوے صرف اُن پر ہی حملہ کرتے ہیں، کسی اور شخص کو نشانہ نہیں بناتے۔
شیوا کیوات کا تعلق سومیلا گاؤں سے ہے۔وہ یومیہ مزدوری پر کام کرتے ہیں۔

اُن کا کہناہے کہ اُن کی مشکلا ت کا آغاز تین سال پہلے ایک غلط فہمی کی وجہ سےہوا۔  ایک دن وہ گھر سے باہر نکلے تو انہوں نے کوے کے بچے کو لوہے کے جال میں پھنسا دیکھا۔ شیوا  نے کوے کےبچے کو جال سے نکال کر بچانے کی کوشش کی لیکن وہ بچہ اُنکے ہاتھوں میں مر گیا۔ موقع پر موجود کچھ کوؤں نےیہ منظر دیکھ لیا۔ کوے سمجھے کہ شیوا نے ہی اُن کے ساتھی کو قتل کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد تو کوے شیوا کے دشمن ہو گئے۔ کبھی کوے گروپوں کی صورت میں ایک ساتھ اُن پر حملہ کرتے ہیں اور کبھی اکیلے ہی وار کرتے ہیں۔ شیوا گھر سے باہر نکلتے ہوئے اپنے ساتھ ایک چھڑی رکھتے ہیں، تاکہ کوؤں کی چونچ اور پنجوں سے بچ سکیں۔
شیوا  کے ایک ہمسائے کا کہنا ہے کہ کوے ان  پر ایسے حملہ کرتے ہیں، جیسے فلموں میں جیٹ طیارے حملہ کرتےہیں۔  برکت اللہ یونیورسٹی ،بھوپال   میں پرندوں کے برتاؤ کامطالعہ کرنے والے پروفیسر اشوک کمار منجل  کا کہنا ہے کہ کوؤں کی یادداشت بہت تیز ہوتی ہے۔ اُن کا انتقام لینے کا طریقہ کچھ زیادہ پیچیدہ نہیں ہوتا۔ وہ اکیلے یا گروپوں میں حملے کرتےہیں۔

متعلقہ عنوان :