دُبئی میں آج صبح سکول بس اور ٹینکر کے درمیان ٹکر، 15 بچے زخمی ہو گئے

زخمی بچوں اور ٹینکر کے ڈرائیور کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 9 ستمبر 2019 13:05

دُبئی میں آج صبح سکول بس اور ٹینکر کے درمیان ٹکر، 15 بچے زخمی ہو گئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،9 ستمبر 2019ء) دُبئی میں آج صبح سویرے ایک سکول بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں بس میں سوار 15 بچے زخمی ہو گئے ہیں۔ دُبئی پولیس کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ آج صبح الورقا کے ایک نجی تعلیمی ادارے "Our Own High School" کی بس بچوں کو لے کر سکول جا رہی تھی اچانک اس کی ٹکر ایک واٹر ٹینکر سے ہو گئی جس کے نتیجے میں پندرہ بچے زخمی ہو گئے، اس کے علاوہ بس کے سُپروائزرز اور ٹینکر کے ڈرائیور کو بھی چوٹیں آئی ہیں، تمام زخمیوں کو فوری طور پر رشید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تمام زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔ سکول انتظامیہ کی جانب سے بھی مقامی اخبار کو اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سکول کی ایک بس کو آج صبح حادثہ پیش آیا ہے تاہم کسی بھی سٹوڈنٹ کی حالت تشویش ناک نہیں ہے، زخمیوں کو معمولی اور درمیانی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں، جنہیں مرہم پٹی کی خاطر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صبح پولیس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ حادثے کے بعد الربط کی جانب جانے والی بزنس بے کراسنگ والی سڑک پر شدید ٹریفک جام ہو گیا تھا،جس کی وجہ سے ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ٹریفک میں پھنسنے سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ تاہم بعد میں پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ جائے حادثہ پر موجود بس اور ٹینکر کو ہٹا دیا گیا ہے، جس کے بعد ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ پولیس کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔