وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یوم عاشور کے موقع پر کراچی،حیدرآباد اور سکھرکا دورہ ، حکومت سندھ کے تشکیل کردہ سیکیورٹی پلان اور انتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 11 ستمبر 2019 10:15

حیدرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دس محرم الحرام یوم عاشور کے موقع پر سندھ کے مختلف شہروں کراچی،حیدرآباد اور سکھرمیں حکومت سندھ کے تشکیل کردہ سیکیورٹی پلان اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ حیدرآباد میں اس سلسلے میں اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے صوبے بھر میں سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے صوبے کے مذہبی علماء کی جانب سے محرم الحرام کے دوران مکمل تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ پاک کے کرم سے اب تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے ، اللہ پاک سے امید ہے کہ سندھ بھر میں یوم عاشور امن امان سے اختتام پذیر ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ یہاں سے واپس کراچی جا کر وہاں مرکزی ماتمی جلوسوں کے اختتامی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے شہید کربلا حضرت امام حسین کی قربانیوں کی یاد میں بر آمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں ۔ انہوں نے صوبے بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں ، پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے صوبے میں امن امان کے استحکام کیلئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات سعید غنی ، اراکین سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن ، جام خان شورو ، عبدالجبار خان ، اے آئی جی پولیس حیدرآباد ڈاکٹر ولی اللہ دًل، کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ڈی آئی حیدرآباد نعیم احمد شیخ ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو ، ایس ایس پی عدیل چانڈیو اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔