گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی مزار قائد پر حاضری

قائد اعظم کے پاکستان میں تمام مسالک اور مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، گورنر سندھ آج کے دن قائداعظم کے ویژن پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرنا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 11 ستمبر 2019 18:35

گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی مزار ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ اراکین کے ہمراہ قائد اعظم محمد علی جناح کی71 ویں برسی کے موقع پر بدھ کو مزار قائد پر حاضری دی۔ سندھ کابینہ کے اراکین میں جام اکرام اللہ، سعید غنی، شبیر بجارانی اور دیگر شامل تھے جبکہ چیف سیکرٹری سندھ ممتاز شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مزار پر رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ قائد کی زندگی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے، قائد اعظم کے پاکستان میں تمام مسالک اور مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور وزیراعظم کے نئے پاکستان کا وژن دراصل قائد کا وژن ہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ عظیم قائد کی بدولت ہی ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں، آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ بابائے قوم کے وژن کے مطابق وطن عزیز کی آبیاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی جان و مال محفوظ نہیں،آج بھارتی ریاست نے کشمیری مسلمانوں کے لئے کوئی راستہ نہیں چھوڑا، قائد اعظم کا پیش کردہ دو قومی نظریہ آج صحیح ثابت ہورہا ہے، اسی دو قومی نظریہ کو مد نظر رکھتے ہوئے کشمیری مسلمان آزادی کا مطالبہ کررہے ہیں جوکہ بالکل جائز ہے جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، پاک بھارت کشیدگی کم نہیں ہوگی، مسئلہ کشمیر کے حل تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہے، پاکستانی قوم کشمیری عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، کشمیر ضرور پاکستان بنے گا۔

کراچی کے مسائل کے بارے میں کئے گئے سوال پر گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی شہر میں ہر چند کلو میٹر کے فاصلے پر مختلف اتھارٹیز قائم ہیں جوکہ مسائل کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے، اس سلسلے میں وزیراعلی سندھ سے بھی بات ہوئی ہے اور جلد مل جل کر اس کا حل تلاش کرلیا جائے گا۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں ’’کراچی اسٹریٹیجک کمیٹی‘‘ قائم کی گئی ہے جوکراچی کے مسائل کے حل کے لئے مشاورت اور قانونی معاونت فراہم کرے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے آیا ہوں اور آج کے دن قائداعظم کے ویژن پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرنا ہے جہاں ہر عقیدے اور مذہب کے لوگ امن وامان سے رہ سکیں۔ انہوں نے کشمیر میں جارحیت اور بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر پوری قوم یکجا ہے، اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر کو پاکستان کا حصہ نہ بنا لیں۔

انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کے ایم سی، شہر کی صفائی ڈی ایم سیز کی زمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ ہم نے بنایا جہاں وہ کام کررہا ہے ان علاقوں میں صورتحال بہتر ہے، سالڈ ویسٹ اتھارٹی کو 4 ہزار ٹن کچرا اٹھانے کے لئے بنایا گیا، اب 16 ہزار ٹن کچرا روزانہ پیدا ہوتا ہے۔ کراچی اسٹریٹیجک کمیٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کوئی کمیٹی بنی ہے، ٹی وی پر سنا ہے، اس سلسلے میںمجھ سے کوہی بات نہیں کی گئی۔