Live Updates

صدر ڈاکٹر عارف علوی کی حزب اختلاف کی جماعتوں سے کشمیر کے مسئلہ پر متحد ہونے کی اپیل

جمعہ 13 ستمبر 2019 01:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2019ء) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حزب اختلاف کی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ حکومت سے متعدد امور پر اختلافات کے باوجود کشمیر کے مسئلہ پر کوئی اختلاف نہیں ہونا چاہئے۔ جمعرات کو نجی ٹیلی ویژن چینل سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کشمیر کے مسئلہ پر سیاستدانوں میں انتشار پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے بھارت میں کشمیر کے مسئلہ پر سیاسی جماعتوں میں اتحاد دیکھا کیونکہ ان کیلئے کشمیر کا مسئلہ پاکستان سے بھی کہیں زیادہ بڑا مسئلہ ہے ۔

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ احتجاجی ریلیاں نکالنا مولانا فضل الر حمان کا جمہوری حق ہے تاہم ان احتجاجوں سے کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچنا چاہئے، ملک میں نئے انتخابات کے بارے میں صدر نے کہا کہ مستقبل میں ایسی کوئی چیز نہیں۔

(جاری ہے)

ملک چھوڑنے بارے مریم نواز اور نوازشریف کی ڈیل کی افواہوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ڈیل بارے کوئی معلومات نہیں ہیں۔

صدر نے سول ملٹری تعلقات کو بہت اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع اہم فیصلہ ہے کیونکہ یہ سول ملٹری اتحاد کیلئے بہتر ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک کو اس وقت کشمیر اور افغانستان جیسے مسائل کا سامنا ہے اور ان حالات میں سول ملٹری بہتر تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملک کے اقتصادی مسائل کے بارے میں صدر نے کہا کہ چیلنجز ہیں تاہم حکومت ان پر قابو پا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں اور اس تناظر میں کی گئی حکومتی کوششوں کے ثمرات سامنے آٓ رہے ہیں کیونکہ ٹیکس فائلرز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات