سر کی چوٹ لگنے سے نوجوان لڑکی کی یادداشت ہر دو گھنٹے بعد ”ری سیٹ“ ہو جاتی ہے

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 14 ستمبر 2019 23:51

سر کی چوٹ لگنے  سے نوجوان لڑکی  کی  یادداشت ہر دو گھنٹے بعد ”ری سیٹ“ ..
الینوائے سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان لڑکی رائلی  ہورنر  پچھلے تین ماہ سے ہر روز  صبح جب بھی اٹھتی ہیں، انہیں لگتا ہے کہ یہ 11 جون ہے۔ معاملہ ہر روز اس وقت مزید بدتر ہو جاتا ہے جب ہر دو گھنٹے بعد اُنکی  یادداشت پھر سے ری سیٹ ہو کر 11 جون  کے ایک ہی وقت  پر پہنچ جاتی ہے۔ رائلی  ہر روز دیکھی گئی نئی چیزیں اور ہر روز ملنے والے نئے لوگوں کو یاد نہیں رکھ سکتیں۔


رائلی کی مشکلات کا آغاز اس وقت ہوا جب  ایف ایف اے سٹیٹ کنوینشن میں رقص کے دوران ایک دوسری لڑکی  کی لات اُن کے سر پر لگی۔انہیں ہسپتال پہنچایاگیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ رائلی  کو چوٹ سے صدمہ پہنچا ہے۔ڈاکٹروں نے انہیں بیساکھی دے کر گھر بھیج دیا۔ٹسٹ سے پتا چلا کہ نہ تو رائلی کے دماغ میں  خون نکلا ہے،نہ ہی کوئی رسولی ہے اور نہ ہی ٹسٹ میں کوئی غیر معمولی چیز سامنے آئی۔

(جاری ہے)

تاہم رائلی کے گھر والوں کو پتا چلا کہ اُن کی بیٹی کے ساتھ کچھ مسئلہ ضرور ہے۔ لگتا ہے کہ اُن کا دماغ نئی یادوں اور واقعات کو قبول نہیں کر رہا۔یاد داشت کے 11 جون پر پہنچنے کے علاوہ وہ  تین ماہ میں درجنوں  بار یکدم بے ہوش بھی ہو چکی ہیں۔
رائلی نے  ایک ٹی وی رپورٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے  بتایا  کہ وہ  کوئی نئی چیز یاد نہیں رکھ سکتیں، جس سے وہ کافی خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ  لوگوں کو یہ کسی فلم کی طرح لگتا ہے، وہ اسے نہیں سمجھ سکتے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں یہ انٹرویو بھی یاد نہیں رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اُن کے دروازے پر لٹکا ہوا کیلنڈر  بتارہا ہے کہ یہ ستمبر ہے  لیکن  انہیں پچھلی کوئی بات یاد نہیں۔ رائلی کی بیماری کی علامات نے ڈاکٹروں کو حیران کر دیا ہے۔ پہلے پہل تو ڈاکٹروں نے بتایا  تھا کہ اُن کی یادداشت وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہو تی جائے گی لیکن تین ماہ میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔


رائلی  اپنی زندگی کونارمل انداز میں گزارنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے ضروری یادداشتی نوٹس بنائے ہوئے ہیں۔ وہ ان نوٹس کو ہر وقت اپنے ساتھ رکھتی ہیں۔ سکول میں جب اُنکی  یاد داشت چلی جائے تو پھر وہ ان نوٹس کو پڑھ لیتی ہیں۔ ان پر ضروری چیزیں، جیسے اپنا لاکر کیسے ڈھونڈنا ہے،  وغیرہ کی تفصیل لکھی ہوتی ہے۔11 جون کے بعد رائلی کے ذہن سے ہر چیز مٹ جاتی ہے۔ حد تو یہ ہے کہ انہیں اپنے پیارے  ماموں کی وفات بھی یاد نہیں۔ رائلی کی ماں سارا نے بتایا کہ  وہ اپنی بیٹی کو اس بارے میں بتاتی رہتی ہیں لیکن وہ اس بات کو یاد نہیں رکھ سکتی۔

متعلقہ عنوان :