پشاور،اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

اتوار 15 ستمبر 2019 17:20

پشاور۔15ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم گاڑی کے ذریعے اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ تھانہ چمکنی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سے بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ برآمد کر لیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایس پی رورل علی بن طارق کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود تخریب کاری کی غرص سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی، اطلاع کو مصدقہ جان کر اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندیاں کر کے چیکنگ کا عمل سخت کرنے کی ہدایت کی گئی،ڈی ایس پی چمکنی حیدر علی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ چمکنی واجد خان اور ایس آئی امتیاز خان موٹروے ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک گاڑی نمبر 2987-ABکو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی سے 2عدد کلاشنکوف، 4عدد پستول، تین عدد رائفل، 24عدد میگزین اور سینکڑوں مختلف بور کے کارتوس برآمد کر کے ملزم زرباز خان ولد لال محمد سکنہ اضاخیل متنی کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جس کے خلاف اسلحہ اور دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔