کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، حل کے لئے پارلیمانی جماعتوں ، تمام فریقین کی مشاورت سے قومی پالیسی تشکیل دی جائے

مسلم انسٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی کی’’ اے پی پی ‘‘سے گفتگو

اتوار 15 ستمبر 2019 18:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) مسلم انسٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ مین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کے حل کے لئے پارلیمانی جماعتوں سمیت تمام فریقین کی مشاورت سے ایک قومی پالیسی تشکیل دینے کی اشد ضرورت ہے۔

مسلم انسٹی ٹیوٹ جو ایک قومی اور بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے ایک مفکر ادارہ ہے کے سربراہ نے اتوار کو یہاں ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کوئی سیاسی مسئلہ نہیں ہے بلکہ عالمی طور پر مسلمہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم دنیا کی مظلوم ترین قوم ہے جو 9 لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج کے سامنے نہتے مزاحمت کر رہے ہیں اور ہم کشمیر کو ہندتوا کا نشانہ بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قیمت پر بھارتی جارحانہ عزائم کو ناکام بناتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع کو یقینی بنائے گا اور ہر سطح ہر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ناپاک اور جارحانہ عزائم نے تمام سیاسی جماعتوں اور قومی ادارون کومتحد کر دیا ہے اور تمام فریقین کا ایک صفحہ پر ہونا ایک خوش آئند قدم ہے۔

صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو 42 ویں روز میں داخل ہو چکا ہے اور پوی مقبوضہ وادی میں مواصلاتی بلیک آئوٹ ہے جس کی وجہ سے مہاجرین کو اپنے پیاروں کی کوئی خبر بھی پار سے نہیں آرہی، ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور نوجوانوں، خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کشمیری عوام کا جرم یہ ہے کہ وہ استصواب رائے کا وہ بنیادی حق مانگ رہے ہیں جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھی انہیں اپنی قراردادوں کے ذریعے تفویض کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو اپنا دوہرا معیار ترک کر کے فی الفور مداخلت کرنی چاہیئے تاکہ یہ مسئلہ کسی انسانی بحران میں تبدیل نہ ہو سکے۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ پوری قوم مسئلہ کشمیر پر متحد ہے اور بھارتی قابض افواج کے انخلاء اور کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گی اور پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کے خون سے رنگے بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ وادی کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدامات کے بعد جو سنگین صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے علاقائی امن کیلئے سنگین خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یہ جان لے کہ وہ ظلم و جبر کے ذریعے نہ پہلے کشمیریوں کے مئوقف کو تبدیل کر سکا ہے اور نہ آئندہ کر سکے گا، بھارت کے حالیہ جارحانہ اقدامات نے پوری دنیا کے سامنے اسے بے نقاب کر دیا ہے۔ انہون نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدو جہد اور قربانیاں جلد رنگ لائیں گی اور کشمیر ضرور آزاد ہو گا۔