باڑہ: دو روز قبل شدت پسندوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فوجی جوان کی تدفین کر دی گئی

ایف سی کے لانس نائک سید امین آفریدی شہید کا تعلق تحصیل باڑہ کے قبیلہ اکا خیل سے تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 ستمبر 2019 14:22

باڑہ: دو روز قبل شدت پسندوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فوجی جوان کی ..
باڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،16ستمبر 2019ء ، نمائندہ خصوصی، حُسین آفریدی) دو روز قبل پاک افغان بارڈر دیر میں سرحد پار سے شدت پسندوں کے فائرنگ سے شہید ہونے والے ایف سی اہلکار کی نماز جنازہ کے بعد تدفین کر دی گئی۔ ضلع خیبر تحصیل باڑہ قبیلہ اکاخیل سے تعلق رکھنے والے ایف سی کے لانس نائک سید امین آفریدی شہید کی نمازہ جنازہ ان کے آبائی گاوٴں اکاخیل میں گزشتہ روزادا کی گئی جس کے ان کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی۔

(جاری ہے)

سید امین شہید یکم اکتوبر 2009 کو دیر سکاوٹ میں بھرتی ہوا اور اپنی دس سالہ مُدت ملازمت کے دوران کئی محاذوں پر مختلف اپریشنز میں حصہ لیا اور ملکی دفاع پر قربان ہوگئے۔ نمازِ جنازہ میں محسود سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل احمد مدنی سمیت سرکاری افسران، قومی مشران اور علاقہ کے کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ شہید نے سوگواروں میں ایک بیٹا، ایک بیٹی اور ایک بیوہ چھوڑ ا ہے۔ اس موقع پر شہید کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی اجتماعی دُعا کی گئی۔سید امین افریدی شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ تحصیل باڑہ میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ محسود سکاوٹ کی طرف سے شہید کو سلامی پیش کی گئی اور قبر پر پھول بھی چڑھائے گئے۔