Live Updates

محکمہ موسمیات کو مختصر مدت میں موجودہ وسائل کے اندر مزید فعال بنا دیا ہے ،

محکمہ موسمیات کے کئی سال سے بند میڈیا سٹوڈیو کو فعال کر دیا گیا ہے، موسم سے متعلق پیشنگوئی اور موسم کی خبروں کو آڈیو اور وڈیو کے ذریعے بھی عام آدمی تک روزانہ کی بنیاد پر پہنچایا جائے گا وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا محکمہ موسمیات کی موبائل فون ایپ اور یوٹیوب چینل کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال

پیر 16 ستمبر 2019 19:18

محکمہ موسمیات کو مختصر مدت میں موجودہ وسائل کے اندر مزید فعال بنا دیا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ایوی ایشن ڈویژن کے ماتحت ادارے محکمہ موسمیات کو مختصر مدت میں موجودہ وسائل کے اندر مزید فعال بنا دیا ہے تاکہ موسم جیسی اہم اطلاعات عام آدمی اور خصوصاً کسان تک بروقت پہنچ سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ موسمیات کے ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی یونٹ کے قیام اور محکمہ موسمیات کی موبائل فون ایپ اور یوٹیوب چینل کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر سرور خان نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے کئی سال سے بند میڈیا سٹوڈیو کو فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے روزانہ کی بنیاد پر موسم کی اطلاع ضلع کی سطح پر عام آدمی اور تحصیل کی سطح پر کسانوں کو بروقت پہنچانے کے انتظامات کو حمی شکل دیدی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ہوا بازی نے کہا کہ موسم سے متعلق پیشنگوئی اور موسم کی خبروں کو آڈیو اور وڈیو کے ذریعے بھی عام آدمی تک روزانہ کی بنیاد پر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی اطلاعات سوشل میڈیا پر موبائل فون ایپ پر بھی دستیاب ہوں گی جس کا آج باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موسم کی معلومات ٹیکسٹ کے علاوہ آڈیو اور وڈیو کی شکل میں بھی محکمہ موسمیات کی اپ ڈیٹڈ ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی تاکہ عام آدمی ان سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔

وفاقی وزیر نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات ایک اہم ادارہ ہے جس میں ماہرین اپنی کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے موسم کے اتار چڑھائو سے متعلق عوام کو باخبر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں محکمہ موسمیات کو نظر انداز کیا گیا لیکن ایوی ایشن ڈویژن نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اس ادارے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس پر بھرپور توجہ دی ہے اور اسے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے جس کا واضح ثبوت آج محکمہ موسمیات میں آئی ٹی یونٹ، موبائل فون ایپ، یوٹیوب چینل کا افتتاح اور کئی سال سے بند میڈیا سٹوڈیو کو فعال کرنا شامل ہے تاکہ یہ ادارہ ملکی اور صوبائی سطح پر اپنی خدمات احسن طریقہ سے انجام دیتا رہے اور اور ادارے سے عام آدمی، کسان، ماہی گیر اور سیاح موسم کی بروقت اور صحیح معلومات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ موسم کے اتار چڑھائو سے کسان سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے، غریب کسان موسم کی بروقت معلومات نہ ملنے اور نہ سمجھنے کی وجہ سے ہر موسم میں بھاری نقصان برداشت کرتا ہے، فی الحال محکمہ موسمیات کا نیٹ ورک 79 اضلاع تک محدود ہے لیکن کمپیوٹر ماڈلز، جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے تحصیل کی سطح تک موسم کی پیشنگوئی کرنے کی صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ موسم کی معلومات سے کسان بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ وسائل کے اندر محکمہ موسمیات میں 6 سپیشل ایگرومیٹ سنٹرز (ملتان، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، حیدرآباد، گلگت اور کوئٹہ) میں قائم کئے جا رہے ہیں جہاں مقامی زرعی محکمہ کے تعاون سے ویدر ڈیسک ہوں گے، یہ نئے سنٹرز گندم، چاول اور کپاس کی فصل کیلئے موسم کی پیشنگوئی کریں گے۔ موسم کی بروقت معلومات کو کسان فصلوں کے نقصان سے بچائو اور پیداوار میں اضافہ کیلئے استعمال کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری برائے ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے کہا کہ دستیاب وسائل میں عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ اجتماعی فائدے کی سہولیات کو پہنچانا وزارت نے اپنی پالیسی بنا لیا ہے اور ہم وزیراعظم کے وژن کے حصول میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ جنوری 2019ء سے لے کر اب تک وزارت نے کئی شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دیئے جن میں قومی ایوی ایشن پالیسی کی وفاقی کابینہ کی منظوری سے جدید خطوط پر تجدید، پالیسی پر جامع عملدرآمد کیلئے ایکشن پلان کی تیاری اور عملی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، نئے ترقیاتی منصوبوں کا اجراء جن میں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ، عالمی اداروں کے تعاون سے ملک کے مختلف حصوں میں موسمیاتی اور ہوا بازی ریڈار کی ترسیل، پاکستان کیلئے بند ایئر لائنز کی بحالی جیسے برٹش ایئرویز، قومی ایئر لائن کے معاملات کی درستگی اور محکمہ موسمیات کے حوالہ سے عوام الناس کیلئے جن سہولیات کا آج کی تقریب سے افتتاح کیا جا رہا ہے وہ پاکستان کے زرعی شعبہ، سیاحت، قدرتی آفات سے بچائو اور ہوا بازی کی مجموعی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات