ماضی کی حکومتوں نے مسئلہ کشمیر پر سیاست کی، تحریک انصاف کی حکومت مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھا رہی ہے، زین حسین قریشی

پیر 16 ستمبر 2019 22:43

ملتان ۔16 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی کامیابی خارجہ پالیسی کی بدولت 54سال بعد مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا ۔ ماضی کی حکومتوں نے مسئلہ کشمیر پر سیاست کی۔ تحریک انصاف کی حکومت مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھا رہی ہے۔

پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہیں کسی بھی جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ باب القریش سیکرٹریٹ ملتان میں این اے 157سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر کیا۔اس موقع پر انہو ںنے عوامی مسائل سنے اور حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت عوامی ترقی کے سفر پر یقین رکھتی ہے۔

ماضی کی حکومتوں نے عوامی ترقی کے ایجنڈے پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے اپنی تجوریاں بھریں اور قومی خزانہ کو بے دردی سے لوٹا۔ جس نے قومی خزانہ لوٹا اس کو حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا این اے 157 ملتان کا واحد حلقہ ہے جہاں پر 41کروڑ روپے کے ریکارڈترقیاتی بجٹ سے ترقیاتی کاموں آغاز شروع کردیا ہے۔ جن میں سڑکوں ‘ صحت ‘ تعلیم‘ بجلی ‘سوئی گیس اور سیوریج کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا این ای157 کو ملتان کا مثالی حلقہ بنائیں گے۔ جو وسائل ملے عوامی ترقی پر خرچ کئے جائینگے۔ اس موقع پر حامد جنجوعہ ‘ بابر شاہ ‘ رانا عبدالجبار ‘ منور قریشی‘ ذوالنورین بھٹہ ودیگر شخصیات بھی موجود تھے۔