Live Updates

مریم نواز کے خلاف پارٹی عہدہ رکھنے کے خلاف درخواستیں خارج

مریم نواز مسلم لیگ ن کی نائب صدر رہیں گی ۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 ستمبر 2019 11:27

مریم نواز کے خلاف پارٹی عہدہ رکھنے کے خلاف درخواستیں خارج
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2019ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کے پارٹی عہدہ کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کے خلاف پارٹی عہدہ رکھنے کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں اور کہا کہ مریم نواز مسلم لیگ ن کی نائب صدر رہیں گی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کے پارٹی عہدہ رکھنے کے خلاف درخواست پر گذشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنرسردار محمد رضا کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پرسماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل حسن مان نے الیکشن کمیشن کو نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کا حوالہ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ واضح طور پر کہ چکی ہے کہ نااہل، سزا یافتہ شخص پارٹی صدارت نہیں رکھ سکتا۔ جس پر ممبر خیبر پختونخواہ ارشاد قیصرنے ریمارکس دیئے کہ عدالت کا فیصلہ الیکشن ایکٹ کے نافذ ہونے سے پہلے کا ہے جس میں نااہل سزا یافتہ شخص پر پارٹی صدارت یا عہدہ رکھنے کی ممانعت نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ کی شق 203 کو آرٹیکل 62 ، 63 اور 63 اے کے ساتھ ملا کر پڑھنے کا کہا ہے، الیکشن ایکٹ کی شق 203 پارٹی عہدہ سے متعلق ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر رائے حسن نواز کو انہیں گراؤنڈز پر نااہل کرچکا ہے۔ مریم نواز سزا یافتہ ہیں پارٹی عہدہ رکھنے کےلئے اہل نہیں۔مسلم لیگ ن نے اس حوالے سے مؤقف دیا کہ مریم نواز کو تعینات کیا گیا ان کےعہدہ کے لئے کوئی انتخابات نہیں کئے گئے، ن لیگ کے آئین کے مطابق نائب صدر کے پاس کوئی اختیار نہیں صرف علامتی عہدہ ہے۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن ایکٹ میں سزا یافتہ شخص پر پارٹی عہدہ رکھنے کی کوئی پابندی نہیں، پرویز مشرف دور میں سزا یافتہ شخص پر پارٹی عہدہ رکھنے پر پابندی تھی۔ مریم نواز کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست ناقابل سماعت اور بدنیتی پر مشتمل ہے۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ یاد رہے کہ مریم نواز کے پارٹی عہدہ کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔

یہ پٹیشن گذشتہ برس مئی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قانون ساز فرخ حبیب، ملیکا بخاری، کنول شوزاب اور جویرہ سمیت دیگر کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مریم نواز کو عدالت نے 6 جولائی 2018ء کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر کیے گئے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی تھی جس کی وجہ سے وہ پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات