کشمیری عوام دفاع وطن اور قومی سلامتی کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں، وزیر ٹرانسپورٹ و فشریزناصر ڈار

جمعرات 19 ستمبر 2019 00:50

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) آزاد کشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ و فشریزناصر ڈار نے کہا ہے کہسیز فائر لائن پر بھارتی جارحیت قابل مذمت ہے اور بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی کو بھاری ہتھیاروں کا نشانہ بنایا جارہا ہے مگر یہ بات باعث اطمینان ہے کہ سیز فائر لائن پر بسنے والے کشمیریوں کے عزم اور حوصلے جوان ہیں ۔

کشمیری عوام دفاع وطن اور قومی سلامتی کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے پاک فوج کی خدمات قربانیاں اور متوقع خطرات سے نمٹنے کیلئے تیاریاں حوصلہ افزا ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارتی حکمران آزاد کشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ رہے ہیں اگر بھارت نے ایسی کوئی غلطی کی تو جنگ بھارتی علاقوں میں ہوگی اور مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج کے لئے قبرستان بنا دیںگے ۔

(جاری ہے)

ناصر ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر قوم نے جس طرح یوم سیاہ بھرپور انداز میں منایا یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام نہ صرف متحد ہیں بلکہ اپنے دفاع اور ملکی سلامتی کیلئے قومی اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔ کشمیر کو جیل بنا کر بھارت کشمیریوں کے ردعمل اور عالمی دبائو سے زیادہ دیر تک نظریں نہیں چرا سکتا۔ جلد ہندوستان کو اپنے رویے کی قیمت ادا کرنا پڑے گی ۔