اسلام آباد میں دن دیہاڑے نوجوان لڑکی سے اغوا کے بعد زیادتی

متاثرہ لڑکی کو دو لڑکے اغوا کر کے ایک زیر تعمیر مکان میں لے گئے جہاں اسے زیادتی کا نشانہ بنایا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 ستمبر 2019 13:04

اسلام آباد میں دن دیہاڑے نوجوان لڑکی سے اغوا کے بعد زیادتی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2019ء) : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک نوجوان لڑکی کو دن دیہاڑے اغوا کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لڑکی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے کا یہ واقعہ سہالہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ بچی کو ساون کیمپ، ماڈل ٹاؤن سے دن دیہاڑے اغوا کیا گیا۔

پولیس نے متاثرہ بچی کے چچا کی شکایت پر ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی۔ متاثرہ بچی کے چچا نے پولیس کو دئے گئے بیان میں کہا کہ میری بھتیجی اپنے گھر کے سامنے کھڑی تھی جب اُسی گلی میں رہنے والے دو افراد آئے ، اُسے اُٹھایا اور گھسیٹتے ہوئے اپنے ساتھ ایک زیر تعمیر مکان میں لے گئے۔ متاثرہ بچی کے چچا نے بتایا کہ اُن دو افراد نے میری بھتیجی کو اُسی زیر تعمیر مکان میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں گذشتہ کچھ ماہ سے زیادتی کے کچھ ایسے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں جس میں زیادہ تر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بچیوں کو قتل کر دیا جاتا ہے۔ ملک بھر میں اغوا اور زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے عوام بھی خاصی پریشان اور مشتعل ہے۔ اسلام آباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک کے دارالحکومت میں بھی اب اس طرح کے واقعات رونما ہونا شروع ہو گئے ہیں لیکن افسوس کہ اسلام آباد پولیس ان واقعات کی روک تھام کے لیے کوئی بھی خاطر خواہ اقدامات یا کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں قصور سے بھی تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی جن میں سے ایک بچے کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہو گئی۔ جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کم سن بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے کئی واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں جنہوں نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔