صوبہ بھر میں وقف جائیدادوں بشمول قبرستانوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن بہت جلد شروع کیا جائے گا ،

ایڈمنسٹریٹر اوقاف ومذہبی امور خیبرپختونخوا

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) ایڈمنسٹریٹر اوقاف ومذہبی امور خیبر پختونخوابشارت احمد نے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور خیبر پختونخوا نے عوامی شکایات پر جائیدادوں بشمول قبرستانوں میں قائم تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لئے منصوبہ بندی شروع کردی ہے جس کے پہلے مرحلے میں ضلع پشاور کے تمام بڑے قبرستانوں میں قائم غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے لئے ضلعی انتظامیہ ،محکمہ مال اور محکمہ تعمیرات کے ساتھ مشترکہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے جس میں قائم تجاوزات کی نشاندہی کے بعد ان کو ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور قبرستانوں کو تجاوزات سے محفوظ کرنے کے لئے صوبائی حکومت کے خصوصی تعاون سے چار دیواری کی تعمیر کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے اس وقت محکمہ اوقاف کو سب سے زیادہ شکایات قبرستانوں میں تجاوزات کے خلاف موصول ہورہی ہیں جس کے حل کے لیے دیگر متعلقہ محکمہ جات اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ روابط قائم کرکے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے محکمہ اوقاف نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور میں طویل عرصے سے کام کرنے والے منیجرز کو صوبہ بھر میں مفاد عامہ کی خاطرانکے تبادلے عمل میں لائے گئے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ تمام ملازمین محکمہ کی بہتری کے لیے اپنی توانائیاں بروئے کار لاکر عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں عملہ میں میں موجود کرپٹ عناصر قرب عناصر کی نشاندہی کیلئے متعدد انکوائری جاری ہے ۔

اوقاف میں کرپٹ افسران و اہلکاروں کی کوئی گنجائش نہیں کرپشن کے ناسور کے خلاف محکمہ اوقاف کے افسران بالا پرعزم ہیں اور اس کے خاتمے کیلئے ہرممکن سخت سے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں بقایا جات کی وصولی کیلئے ٹاسک فورس بنائے گئے ہیں جو کہ ضلعی انتظامیہ کی تعاون سے وقف املاک کے بابت بقایا جات کی وصولی کو ممکن بنا رہے ہیں اب تک تقریبا دس ملین روپے بقایاجات کی مد میں وصول ہوچکے ہیں اس سلسلے میں بقایاجات کی ادائیگی نہ کرنے کے باعث کئی وقف دکانات اور فلیٹس کو سیل کر دیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی بھی جلد مکمل کی جائیگی ۔

محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے دیگر اصلاحات کے ساتھ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کو مستقل ڈائریکٹریٹ بنانے کی غرض سے ایک مراسلہ چیف ایڈمنسٹریٹر سیکرٹری اوقاف مذہبی و اقلیتی امور خیبرپختونخوا کو بھیجا گیا ہے جس کی وجہ سے صوبہ بھر کے وقف جائیدادوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے گا۔