متحدہ عرب امارات میں یہودیوں کی عبادت گاہ کی تعمیر کا فیصلہ

سینا گوگ کی تکمیل2022تک ہوجائے گی جبکہ تعمیرکا کام آئندہ سال شروع ہوگا. اماراتی ذرائع ابلاغ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 23 ستمبر 2019 12:32

متحدہ عرب امارات میں یہودیوں کی عبادت گاہ کی تعمیر کا فیصلہ
ابو ظہبی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 ستمبر۔2019ء) متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ یہودیوں کی عبادت گاہ ”سیناگوگ“ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی تکمیل 2022 تک ہوجائے گی. اماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہودیوں کے لیے ”سیناگوگ“ کی تعمیر کا کام اگلے برس سے شروع ہو گا اور یہ منصوبہ دو برسوں میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا اس عبادت گاہ کے قیام کا مقصد مسلمان اکثریتی ملک متحدہ عرب امارات میں مختلف مذاہب کے لیے برداشت اور رواداری کے جذبے کو فروغ دینا ہے.

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات میں سرکاری سطح پر اقلیتیوں کے لیے چرچ، مندر اور گردوارا بھی قائم ہے تاہم یہودیوں کی عبادت گاہ موجود نہیں تھی اگرچہ متحدہ عرب امارات میں یہودی قلیل تعداد میں ہے اور یہ دبئی میں ایک مکان کو بطور عبادت گاہ استعمال کرتے ہیں لیکن یہ نجی سطح پر کیا جاتا ہے‘اب اماراتی حکومت کی سرپرستی میں ان کے لیے عبادت گاہ تعمیر کی جائے گی.یہودیوں کے لیے ”سیناگوگ“ کی تعمیر ابوظہبی میں”ابراہمک فیملی ہاﺅس‘ کمپلکس میں کی جائے گی جہاں ابراہیمی مذاہب کی عبادت گاہوں کو ایک چھت کے نیچے تعمیر کیا جائے گا یعنی یہاں سیناگوگ کے علاوہ مسجد اور چرچ بھی ہوگا اس کا اعلان رواں برس فروری میں پاپائے روم کے پہلے دورے کے موقع پر کیا گیا تھا.

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں، تاہم متعدد بار اسرائیلی سیاست دان مختلف بین الاقوامی تقاریب میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات آتے رہے ہیں. یادرہے کہ فروری 2018میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ متحدہ عرب امارات میں پہلے سوامی نارائن مندر کا سنگ بنیاد رکھا تھا .

مندر کے لیے اماراتی حکومت نے زمین عطیہ کی تھی جس کے لیے مودی نے ولی عہد محمد بن زاید النہیان کا خصوصی شکریہ ادا کیا تھا جبکہ مندر کے پنڈتوں نے نریندر مودی اور محمد بن زاید النہیان کو ہندو مذہب کا لٹریچر بھی پیش کیا تھا اس موقع پر محمد بن زایدالنیہان نے پوجا میں بھی شرکت کی تھی.ابو ظہبی کی شاہراہ دبئی پر بنایا جانے والا سوامی نارائن مندر 14 ایکڑ رقبے پر محیط ہے اور یہ مندر 2020 تک مکمل ہوگا.