شاہد حسین بھٹو نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر کاغذات نامزدگی واپس لے لیے

جمعہ 27 ستمبر 2019 22:40

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2019ء) سابق وفاق وزیر اور پیپلز پارٹی رہنما شاہد حسین بھٹو نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے بعد پی ایس 11 پر پیپلز پارٹی امیداور جمیل احمد سومرو کے حق میں دستبردار ہوتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اپنے نامزدگی فارم واپس لے لیے ہیں، گزشتہ روز پی ایس 11 پر نامزد امیدوار جمیل احمد سومرو نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی پیغام لے کر سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی رہنما شاہد حسین بھٹو کی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی جہاں ضمنی انتخاب کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر شاہد حسین بھٹو کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین کی ہدایات پر میں دستبردار ہو رہا ہوں کیونکہ اب میرا جینا اور مرنا پیپلز پارٹی سے وابستہ ہے، دوسری جانب شاہد حسین بھٹو نے الیکشن کمیشن آفیس پہنچ کر اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔