متحدہ لندن کو بھارتی فنڈنگ کے اہم ثبوت مل گئے

ایم کیو ایم لندن کو 50 ہزار پاؤنڈ ماہانہ کی فنڈنگ بھارت سے کی جا رہی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 1 اکتوبر 2019 10:59

متحدہ لندن کو بھارتی فنڈنگ کے اہم ثبوت مل گئے
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر 2019ء) : ایم کیو ایم لندن کو بھارتی فنڈنگ کیے جانے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے لیے بھارتی فنڈنگ سے متعلق اہم ثبوت سامنے آگئے ہیں جس میں ایم کیو ایم لندن کو بھارت کی جانب سے کی جانے والی فنڈنگ کی مالیت اور اس کی دیگر تفصیلات شامل ہیں۔ بھارت سے آنے والی فنڈنگ کو ایم کیو ایم لندن کے بینک اکاؤنٹس میں بھیجنے کا انکشاف ہوا۔

اس حوالے قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا کہ پاکستان کے اہم اداروں نے ایم کیو ایم لند ن کو بھارتی فنڈنگ کے حوالے سے اہم ترین ثبوت حاصل کر لیے ہیں۔ اہم اداروں کو موصول ہونے والے ان ثبوتوں کے مطابق ایم کیو ایم لندن کو 50 ہزار پاؤنڈ ماہانہ کی فنڈنگ بھارت سے کی جا رہی تھی ۔

(جاری ہے)

یہ فنڈنگ بھارت سے دبئی اور دبئی سے ایم کیوایم لندن کے بینک اکاؤنٹ میں جاتی تھیں ۔

بھارت سے ہونے والی اس فنڈنگ کے بدلے پاکستان میں اہم اداروں کے خلاف نفرت پیدا کرنا، سندھ میں لسانی بنیاد پر فسادات برپا کرنا اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹس کو پناہ دینے جیسے کام کیے جارہے تھے ۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے برطانیہ کے اداروں نے بھی پاکستانی اداروں کی مدد کی ۔ ایم کیو ایم لندن کے جس اکاؤنٹ میں رقم جاتی تھی اس حوالے سے اہم دستاویزات بھی پاکستانی اداروں کو فراہم کر دئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس منی لانڈرنگ کیس میں اہم ترین پیش رفت یہ ہے کہ سابق گورنر سندھ عشرت العباد سمیت تین مزید رہنما وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے تیار بھی ہو گئے ہیں۔ اہم ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے آئندہ چند روز میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے کیونکہ سابق گورنر سمیت مزید تین رہنماؤں ان کے وعدہ معاف گواہ بننے کی صورت میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ الطاف حسین سے اسکواٹ لینڈ یارڈ پہلے بھی دو مرتبہ تفتیش کر چکی ہے۔