عالمی برادری اور مسلم قائدین ایران ،عرب، تنازعہ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، حافظ طاہر اشرفی

امت مسلمہ کے مسائل کا حل وحدت میں ہے، کشمیر فلسطین سمیت تمام امور میں امت مسلمہ کا باہمی اتحاد ہی مسائل کے حل کا ضامن ثابت ہوسکتا ہے a کشمیر کے مسئلہ پر عالمی دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے ہندوستانی مظالم کے خلاف وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں موثر آواز بلند کی ہے اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے، علماء و مشائخ سے خطاب

بدھ 2 اکتوبر 2019 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2019ء) سعودی ولی عہد کی طرف سے ایران کے ساتھ جنگ نہ کرنے کا اعلان مستحسن قدم ہے۔عالمی برادری اور مسلم قائدین ایران ،عرب، تنازعہ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔امت مسلمہ کے مسائل کا حل وحدت میں ہے، کشمیر فلسطین سمیت تمام امور میں امت مسلمہ کا باہمی اتحاد ہی مسائل کے حل کا ضامن ثابت ہوسکتا ہے۔

کشمیر کے مسئلہ پر عالمی دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے ہندوستانی مظالم کے خلاف وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں موثر آواز بلند کی ہے اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور صدر وفاق المساجد والمدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے علماء و مشائخ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا عبدالکریم ندیم ، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا اسید الرحمٰن سعید ، مولانا اسد اللہ فاروق اور دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے باہمی اختلافات کو ترک کرنا ہوگا،مسلم امہ تباہ ہورہی ہے، کشمیر فلسطین ، شام ، افغانستان ، لیبیا سمیت مختلف اسلامی ممالک میں مسلمان ذبح ہورہے ہیںاور مسلمان باہمی اختلافات کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ایک سازش کے تحت کشمیر فلسطین کی صورتحال خراب کی جارہی ہے۔ سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملوں کی معاونت کرنے والے اصل کردار مسلم امہ کی وحدت اور اتحاد کے دشمن ہیں۔

ارض حرمین شریفین کی سلامتی اوراستحکام دنیا کے امن کی ضمانت ہے اگر مسلمانوں کے مقدسات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو دنیا کا امن بھی تباہ ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان سے تجارت اور معیشت کے خواب دیکھنے والے مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں، مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو پورا خطہ بدامنی کا شکار ہوجائیگا اور جہاں امن نہ ہووہاں معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ پر سعودی عرب اور پاکستان کا موقف ایک ہے۔ بھارت پروپیگنڈا کے ذریعے مسلم ممالک اور پاکستان میں دوریاں پیداکرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت ملک بھر میں وحدت امت ، علماء مشائخ کنونشز منعقد کیے جارہے ہیں 13اکتوبر کو لاہور میں امیر شریعت کانفرنس ہوگی۔ 15اکتوبر کو کراچی ،17اکتوبر کو سرگودھا اور20اکتوبر کو گوجرانوالہ میں کنونشنز ہوںگے۔