تھوڑا آرام کرنے کے لیے والدین اپنے بچوں کو سڑک پر چھوڑ کر ایک ہفتے کے لیے غائب ہوگئے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 3 اکتوبر 2019 23:54

تھوڑا آرام کرنے کے لیے   والدین اپنے بچوں کو سڑک پر چھوڑ کر ایک ہفتے ..
اس میں کوئی شک نہیں کہ والدین اپنے بچوں کی پرورش کے دوران بعض دفعہ حد سے زیادہ تھک جاتے ہیں لیکن کوئی بھی  شخص اپنی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے اپنے بچوں سے جان نہیں چھڑاتا۔یوکرین سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے اب یہ مثال بھی قائم کر دی ہے۔
اس جوڑے نے سڑک کے کنارے بے گھر لوگوں کے کیمپ کے باہر اپنے بچوں کو چھوڑا اور چند منٹ  میں واپس آنے کا کہہ کر غائب ہوگئے۔


3 سالہ آندرے اور اس کا چھوٹا بھائی 2 سالہ ماکسم   ایک ہفتے تک جنوبی یوکرین  کے شہر زاپروژیا میں   بے گھر لوگوں  اور شرابیوں کے  ساتھ رہے۔ان بچوں کے والدین اجنبی لوگوں کو چند منٹ تک اپنے بچوں کا دھیان رکھنے کا کہہ کر گئے اور کئی دن تک واپس نہ لوٹے۔ اگر پولیس کو فون نہ کیا جاتا تو وہ شاید کئی دن تک مزید واپس نہ آتے۔

(جاری ہے)

بچوں کے والدین سے جب واپس نہ آنے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے بتایاکہ وہ تھک گئے تھے۔


جس وقت والدین نے بچوں کو  بے گھر افراد کے کیمپ کے پاس چھوڑا تو   بچوں کے بدن پر نہ کپڑے تھے اور نہ ہی پاؤں میں جوتے۔ والدین کے نہ آنے پر کیمپ میں موجود لوگوں نے اپنا کھانا بچوں کو کھلایا۔کیمپ کے لوگوں نے اس دوران بچوں پر نظر بھی رکھی تاکہ بچے خود کو نقصان نہ پہنچا لیں۔ بچوں نے اس عرصے میں علاقے میں موجود سارا کوڑا کرکٹ چھان  لیا، وہ دریا سے پانی  پیتے اور بہت گندے ہو گئے تھے۔


آندرے اور ماکسم کو پولیس نے اس وقت اپنی تحویل میں لیا جب ایک  خاتون  نے انہیں فون پر اِن کے بارے میں  بتایا۔اولینا تاشیوسکا دریائے  دنیپر کے کنارے  سن باتھ کے لیے کوئی اچھی جگہ تلاش کر رہی تھیں جب انہیں یہ بچے نظر آئے۔ انہوں نے فوراً ہی پولیس کو فون کر دیا۔
ہسپتال میں ڈاکٹروں نے دونوں بھائیوں کو وائرل انفیکشن اور غذا ئیت کی کمی تشخیص کی۔

وہ بہت کمزور ہو گئے تھے اور بمشکل چل پھر سکتے تھے۔وہ دونوں اپنے نام اور عمر جانتے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہسپتال کے عملے کی تحویل میں رہنے کے دوران انہوں نے اپنے  والدین کے بارے میں ایک بار بھی نہیں پوچھا۔
پولیس نے بتدریج بچوں کے والدین 20 سالہ  بوزینا سینیچکا اور 25 سالہ ولودیمیر زایتسیو کو ڈھونڈ لیا۔ جب ان سے بچوں کے چھوڑنے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے  بس اتنا کہا کہ وہ تھک گئے تھے اور کچھ آرام کرنا چاہتے تھے۔
پولیس نے اس کیس میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ فرائض سے غفلت برتنے پر  والدین کو 5 سال تک کی قید ہو سکتی ہے۔ عدالتی فیصلہ آنے تک پولیس نے بچوں کو یتیم خانے کی تحویل میں دے دیا ہے۔
تھوڑا آرام کرنے کے لیے   والدین اپنے بچوں کو سڑک پر چھوڑ کر ایک ہفتے ..

متعلقہ عنوان :