اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کا چوتھے آئی سی ٹی مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ

جمعہ 4 اکتوبر 2019 19:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2019ء) اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان نے ملک میں آئی سی ٹی انڈسٹری کی ٹیکنالوجی سرٹیفکیشن اور مقامی نوجوانوںمیں آئی سی ٹی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے چوتھے آئی سی ٹی مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالہ سے ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ایچ ای سی کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فتح محمد مری اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے مینجنگ ڈائریکٹر گائوویجی نے کی۔

ملک میں آئی سی ٹی کی ترویج سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فتح محمد مری نے مزید 8 ہواوے آئی سی ٹی اکادمیوں کے قیام اور پہلے سے موجود چار اکادمیوں کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ آنے والے مقابلوں سے طلباء کو مستفید کرنے کیلئے ایک مؤثر مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایچ ای سی اور ہواوے کے مابین تعاون کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہرکی کہ متذکرہ مقابلوں سے ملک میں آئی سی ٹی کی ترقی سے متعلق دوطرفہ کاوشیں تیز تر ہو جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی اور ہواوے کا آئی سی ٹی شعبہ جات خصوصاً فائیو جی اور آرٹیفیشل انٹیلی جینس میں اشتراک بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے طلباء کو تربیت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی فراہمی کیلئے ہواوے کی کاوشوں کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ہواوے کے وفد نے آئی سی ٹی مقابلہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ان مقابلوں میں ملک بھر کے کالجوں اور جامعات کے طلباء کو مدعو کیا جا رہا ہے۔

وفد کا کہنا تھا کہ ہواوے آئی سی ٹی اکادمیوں کے تعاون سے پورے ملک کے طلباء کیلئے سیمینارزاور روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے گا اور ایچ ای سی کے تعاون سے ہواوے پاکستانی آئی سی ٹی انڈسٹری کی ترقی کیلئے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ سال 2018ء میں 6 پاکستانی طلباء نے قومی فائنل جیت کر عالمی مقابلہ میں حصہ لیا اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔

موجودہ سال چوتھے آئی سی ٹی مقابلوں کیلئے ہواوے کی ٹیمیں 50 پاکستانی جامعات کا دورہ کریں گی۔ توقع ہے کہ اس سال پاکستانی جامعات کے 11,000 سے زائد طلباء مقابلوں میں حصہ لیںگے۔ 6 باصلاحیت طلباء کو عالمی فائنلز کیلئے چین میں ہواوے کے ہیڈ کوارٹرز بھیجا جائے گا۔ مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے آن لائن https://www.huaweiacad.com پر رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔ اجلاس میں ایچ ای سی آئی ٹی ڈوژن کے کنسلٹنٹ آصف شاہد خان، ایچ ای سی آئی ٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ فیاض چٹھہ، ہواوے ڈائریکٹر پبلک اینڈ کارپوریٹ نیاز شاہ رخ اور دونوں طرف سے دیگر افسران نے شرکت کی۔