جائز مطالبات کیلئے ملک بھر کی تمام تاجر تنظیمیں متحد ،تاجر بچائو مارچ میں بھرپور شرکت ہو گی : آل پاکستان انجمن تاجران

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 20:21

جائز مطالبات کیلئے ملک بھر کی تمام تاجر تنظیمیں متحد ،تاجر بچائو مارچ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2019ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اپنے جائز مطالبات کیلئے خیبر سے کراچی تک تمام تاجر تنظیمیں متحد ہیں ،تاجر بچائو مارچ میں بھرپور شرکت ہو گی ، تاجر با شعور طبقہ ہے ہم حکومت سے ہرگز ٹکرائو کرنے نہیں جارہے بلکہ اپنی پرامن سر گرمیوں کے ذریعے حکومت کو اپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں کیا جس میں (پیر) کے روز تاجر بچائو مارچ میں تاجروں کی شرکت کو یقینی بنانے اور انتظامات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں محبوب سرکی ، میاں طارق فیروز ،ظہیر اے بابر ، محمد شہزاد بھٹی سمیت مختلف مارکیٹوں کے تاجر نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت تاجروں پر اتنا بوجھ لادھ رہی ہے کہ ان کیلئے اسے اٹھا کر چلنا مشکل ہو گیا ہے اور وہ کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

تاجرمہنگے یوٹیلٹی بلزکے ساتھ ٹیکسوں کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن ا ن کے لئے کوئی سہولیات اور مراعات نہیں لیکن ہم نے کبھی بھی اس کا شکوہ نہیں کیا اور معیشت میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے ہیں۔آج تاجروں پر یلغار کر دی گئی ہے ،خوف اور عوام کی قوت خرید ختم ہونے کی وجہ سے مارکیٹوں میں کاروبار تاریخ کی کم ترین سطح 30فیصد پر آ گیا ہے جس کے بعد اخرجات پورے کرنا محال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر تنظیمیں اپنے جائز مطالبات کیلئے متحد ہیں ، حکومت ڈیڈ لاک کی صورتحال پیدا کرنے کی بجائے بڑے دل کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کرے ۔ موجودہ حالات میں ملک احتجاج اور ہڑتالوں کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے حکومتی ادارو ں کے ذمہ داران ہوش کے ناخن لیں اور جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔