شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ فارمیسی نے فارمیسی کاؤنسل آف پاکستان اسلام آباد سے ایکریڈیشن حاصل کرلی

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 23:27

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2019ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ فارمیسی نے فارمیسی کاؤنسل آف پاکستان اسلام آباد سے ایکریڈیشن حاصل کرلی ہے۔ یونیورسٹی کے ترجمان کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کاؤنسل کے صدر نے بذریعہ مراسلہ نمبر 2-13/2009-PCP بتاریخ 30 ستمبر 2019 کوشعبے کو ایکریڈیشن جاری کی۔ اس ایکریڈیشن کے سلسلے میں کاؤنسل کی ٹیم نے اگست 2019 میں شعبے کا دورہ کیا۔

اس ٹیم کی تجاویز کاؤنسل کے 6 ستمبر 2019 کو منعقدہ اجلاس میں رکھی گئیں جن تجاویز کی روشنی میں کاؤنسل نے ایکریڈیشن دینے کی منظوری دی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شعبہ فارمیسی 2010 میں کھولا گیا جس کے بعد سے 9 سال تک شعبے کی ایکریڈیشن تعطل کا شکار تھی۔ 2012 میں پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے یونیورسٹی کی وائیس چانسلر کا منصب سنبھالنے کے بعد ایکریڈیشن کے سلسلے میں انتھک محنت کی۔

(جاری ہے)

کاؤنسل کے وفد نے شعبے کے کئی بار دورے کیئے۔ کاؤنسل کی ٹیم کے گذشتہ دورے میں ٹیم نے شعبے کا دورہ کیا اور شعبے میں موجود سہولیات پرمکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اہم تعلیمی کامیابی پر وائیس چانسلر ڈاکٹر پروین شاہ نے شعبہ فارمیسی کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، اسٹوڈنٹ ایکشن کمیٹی، ڈین، ڈپٹی کمشنر خیرپور محمدنعیم سندھو، ایڈوکیٹ سید جعفر علی شاہ، سول سوسائٹی اور صحافیوں کو مبارکباد دی۔

ڈاکٹر پروین شاہ نے اس سلسلے میں فارمیسی کاؤنسل آف پاکستان کے صدر ، سیکریٹری اور ٹیم ممبرز کا بھی شکریہ ادا کیاجنہوں نے شعبے کو ایکریڈیشن کے احکامات جاری کیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایکریڈیشن کے بعد یہ شعبہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ پیشہ وارانہ طرز پر بہترین طریقے سے کام سرانجام دے گا اور یونیورسٹی کے معیار میں بہتری لائے گا۔