آزاد حکومت آزادی مارچ کرنے والوں کا راستہ رکھنے کے بجائے انہیں سہولیات فراہم کرے‘چوہدری شوکت عزیز ایڈووکیٹ

منگل 8 اکتوبر 2019 15:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2019ء) بارکونسل آزاد کشمیر کے ممبر چوہدری شوکت عزیز ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزاد حکومت آزادی مارچ کرنے والوں کا راستہ رکھنے کے بجائے انہیں سہولیات فراہم کرے۔بھارتی مقبوضہ ریاست جموں کشمیر کے اندر جاری بربریت کو دنیا میں بے نقاب کرنے کیلئے آزاد کشمیر کے عوام کا رد عمل فطری ہے۔

(جاری ہے)

عوام حکومتی رویے سے مایوس ہو چکے ہیں اور نہتے ہاتھوں میں دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔شوکت عزیز ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت بھارت کے خلاف جاری تحریک اور غم و غصہ کو اپنے گلے میں ڈالنے سے اجتناب کرے۔مظاہرین کو اگر طاقت سے روکا گیا تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کا زلزلہ اور تباہی مرتے دم تک نہیں بھلائی جا سکتی۔آج کے دن لگنے والے زخم نہیں بھرے جا سکتے۔انہوں نے شہدائے کشمیر اور شہدائے زلزلہ کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔