کیون پیٹرسن کرکٹ میدانوں میں واپسی کیلئے تیار

سابق کپتان کی کرکٹ میں واپسی بین الاقوامی سطح کی نہیں بلکہ صرف پریکٹس کےلئے ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ اکتوبر 14:41

کیون پیٹرسن کرکٹ میدانوں میں واپسی کیلئے تیار
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر2019ء) دنیائے کرکٹ سے کنارہ کشی کرنےوالے انگلینڈ کے سابق کھلاڑی کیون پیٹرسن نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کرلیا، تاہم اس مرتبہ وہ جنوبی افریقہ میں اپنے جوہر دکھائیں گے۔ایسا انکشاف کیون پیٹرسن نے خود سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جوفرا آرچر کے ساتھ ٹوئٹ کے ذریعے گفتگو کے دوران کیا، تاہم کرکٹ میں واپسی بین الاقوامی سطح کی نہیں بلکہ صرف پریکٹس کےلئے ہے۔

انگلینڈ کے ابھرتے ہوئے سٹار فاسٹ باﺅلر جوفرا آرچر نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
اس ٹوئٹ کے جواب میں کیون پیٹرسن نے ان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں بھی یہی کر رہا ہوں، تم گیند بازی کرو گے اور میں بلے بازی کروں گا‘۔

(جاری ہے)

جوفرا آرچر نے دنیائے کرکٹ پر اپنی ہیبت جمانےوالے کیون پیٹرسن کے اس چیلنج کو قبول کرنے میں کوئی جلدی نہیں کی اور کہا کہ ’تو پھر آجاﺅ‘۔

کیون پیٹرسن نے جوفرا آرچر سے سوال کیا کہ وہ یہ مقابلہ کب اور کہاں کریں گے؟ ساتھ میں انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا مقابلہ تب ہوگا جب انگلینڈ کی ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ کرےگی؟۔
جوفرا آرچر نے بغیر کوئی وقت ضائع کیے کہا کہ ’اس مقابلے کے انتظامات کریں‘۔
خیال رہے کہ کیون پیٹرسن نے 2013 ءمیں آخری مرتبہ بین الاقوامی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں انگلینڈ کی ٹیم کی نمائندگی کی تھی جبکہ 2014 ءمیں آسٹریلیا کےخلاف ایشز سیریز میں شکست کے بعد سے انہیں دوبارہ انگلینڈ کی ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا۔

کیون پیٹرسن نے کسی بھی طرز کی کرکٹ میں اپنا آخری میچ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے مارچ 2018ءمیں اسلام آباد یونائیٹڈ کےخلاف شارجہ میں کھیلا تھا۔خیال رہے کہ جوفرا آرچر حال ہی میں انگلینڈ کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنانےوالی ٹیم کا حصہ تھے جنہوں نے فائنل میں نیوز ی لینڈ کےخلاف تاریخی سپر اوور کروایا تھا، رواں برس آسٹریلیا کےخلاف ہوم گراو¿نڈ پر ہونےوالی ایشز سیریز کے دوران جوفرا آرچر نے اپنا ڈیبیو کیا اور 4 میچوں میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں۔