زرعی یونیورسٹی کا 5 سالہ فارم ڈی پروگرام کیلئے داخلوں کا اعلان

بدھ 9 اکتوبر 2019 23:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) :زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے پانچ سالہ فارم ڈی پروگرام کیلئے داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ فارمیسی کونسل پاکستان کی طرف سے جاری ہونے والے این او سی میں کہا گیا ہے کہ کونسل کی طرف سے امسال اگست میں یونیورسٹی کا دورہ کرنے والی ٹیم کی سفارشات کی روشنی میں کونسل نے اپنے منعقدہ 44 ویں اجلاس میں یونیورسٹی کیلئے پانچ سالہ فارم ڈی مارننگ پروگرام میں 50 نئے داخلوں کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے کنونیئر ایڈمیشن کمیٹی پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی کے دفتر سے جاری تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے انٹرمیڈیٹ (پری میڈیکل) میں کم سے کم 60فیصد نمبر حاصل کرنیوالے نوجوان داخلہ کیلئے اہل ہونگے جو 22اکتوبر تک اپنی درخواستیں آن لائن جمع کروا سکیں گے۔ فارم ڈی پروگرام سے متعلق مزید معلومات کیلئے اہل اُمیدوار ڈاکٹر فاروق اعظم سے ان کے موبائل نمبر0333-7626211پر رابطہ کر سکتے ہیں۔