Live Updates

ماضی کی حکومتو ں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا، اعجاز احمد چوہدری

جمعہ 11 اکتوبر 2019 17:36

ماضی کی حکومتو ں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا، اعجاز احمد ..
لاہور۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کیلئے آواز بلند کررہے ہیں، بھارت ہٹ دھرمی سے باز نہیں آرہا ، دوماہ سے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کررکھا ہے ، احتجاج اور مارچ کا نہیں ہے بلکہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کا وقت ہے،نام نہاد اپوزیشن متحد نہیں ہوسکتی احتجاج کیا کریںگی،وہ اپنی رہائشگاہ میں حلقہ این اے 133 کی مختلف یونین کونسلوں سے آئے ہوئے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہاکہ مسترد شدہ ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا، بھڑکیں لگانے اور جھوٹ بولنے کے بجائے قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی سیاسی دکانداری بند ہو چکی ہے ،عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ، ملکی تباہی اور بربادی کے ذمہ دار ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے ، ماضی کی حکومتو ں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی طورپر کچھ بھی نہیں کیا، کوٹ لکھپت ، جنرل ہسپتال ، کچا جیل روڈ سمیت دیگر علاقوں میں پچھلے چالیس سالوں سے سابقہ حکومتوں نے سیوریج کے پائب تبدیل نہیں کئے ، علاقے کے عوام سیوریج ملا پانی پینے پر مجبور ہیں ، سیوریج اور پانی کے پائپوں کو پہلی ترجیح میں تبدیل کیا جارہا ہے ، گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی، ن لیگ نے حلقہ این اے 133 کی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا، اعجازاحمدچوہدری کا مزید کہناتھاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے سستے گھروں کی تعمیر ، انصاف صحت کارڈ ،غریب اور مستحق افراد کیلئے پناہ گاہوں کی تعمیر اور لنگر خانوں کا آغاز کر کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کا احسن اقدام ہے ،پی ٹی آئی کے کارکنان عمران خان کی قیادت میںمتحد ہیں ،ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے ،ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری ٹیم دن رات کوشاں ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات