ہندوستان کے خلاف فتح یا شہادت تک لڑیںگے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ خون کے آخری قطرے اور زندگی کے آخری لمحہ تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کا صابر شہید سٹیڈیم راولاکوٹ میں عزم جہاد کشمیر کانفرنس سے خطاب

جمعہ 11 اکتوبر 2019 20:26

ہندوستان کے خلاف فتح یا شہادت تک لڑیںگے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف فتح یا شہادت تک لڑیںگے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ خون کے آخری قطرے اور زندگی کے آخری لمحہ تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں، کشمیر آزاد ہو گا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے صابر شہید سٹیڈیم راولاکوٹ میں عزم جہاد کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سابق امیرعبدالرشید ترابی،سردار اعجاز افضل خان،جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل،غلام محمد صفی،ارشد ندیم، نثار احمد شائق، سجاد انور، مسرور ظفر، سردار ذوالفقار، زاہد رفیق، قیوم افسر، ممتاز خان، مہران معروف سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جہاد سری نگر میں آج بھی جمعہ کی نماز ادا نہیں کرنے دی گئی، 8 واں جمعہ تھا جو لوگ مسجد میں پہنچ گئے آنسو اور ڈنڈے کھا کر گئے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان کی محبت میں اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر دیا، شہداء کے جنازے پاکستانی پرچموں میں دفن کئے جاتے ہیں، خون کے نذرانے پیش کئے۔ مائوں بہنوں، بیٹیوں نے عزتوں کی قربانی پیش کی، یہاں کے پہاڑوں پر شہداء کا مقدس لہو موجود ہے، سری نگر کی مائیں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں کے ہاتھوں میں پتھر ہیں۔ عزم جہاد کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالدمحمود خان نے کہاکہ ہم برہان وانی شہید کے مقدس خون کا بدلہ لینے کیلئے بے تاب ہیں، 72سال سے چٹان کی طرح پاکستان کی بقاء تکمیل کی خاطر 5لاکھ شہداء نے اپنا خون پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ کی حکومت کو 1947ء کا انقلابی کردار بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ آزاد ریاست کو کشمیریوں کی نمائندہ حکومت تسلیم کیا جائے، سفارتی محاذ پر کشمیریوں کو کردار ادا کرنے دیا جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ حکومت پاکستان جہاد کا اعلان کرے، یہ خطہ جہاد کے ذریعے آزاد کرایا ہے، بقیہ کشمیر بھی جہاد سے آزاد ہو گا۔ جماعت اسلامی پاکستان نے شروع دن سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی کی ہم ان کے شکر گزار ہیں، ساری اسلامی تحریکوں کو تحریک کشمیر کی پشت پر لایا، سرا ج الحق کشمیریوں کی بھرپورترجمانی کررہے ہیں۔