گرونانک کی سالگرہ منانے کیلئے آنیوالے سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے ننکانہ صاحب سے کراچی کیلئے سپیشل ٹرین کل روانہ ہو گی

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 22:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) پاکستان ریلوے کی جانب سے گرونانک کی 550ویںسالگرہ منانے کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لئے ننکانہ صاحب سے کراچی کے لئے سپیشل ٹرین کل ( اتوار) کو روانہ ہو گی ،یہ ٹرین آج صبح 10 بجے ننکانہ صاحب سے روانہ ہو کر شورکوٹ کینٹ ،خانیوال ، روہڑی ، نواب شاہ ، شہداد پور، حیدرآباد اور کراچی کینٹ پر سٹاپ کرتی ہوئی اگلے روز دن گیارہ بجکر50منٹ پر کراچی سٹی پہنچے گی۔

یہ ٹرین 11 اکتوبر کو کراچی سے اسی روٹ سے ہوتی ہوئی ننکانہ پہنچی تھی ۔ ٹرین کو پاکستان ریلوے نے سکھ کمیونٹی کے تہوار کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیاہے۔ لوئراے سی کی سیٹیں نکال کر قالین بچھائے گئے ہیں اور کوچ کو گیلری یا بڑے ہا ل کی شکل دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جہاں سکھ یاتری جمع ہوکر اپنی مذہبی رسومات ادا کرسکیں۔ کوچ کا ایک حصہ گروگرنتھ کے لیے مختص کیاگیاہے ۔

علاوہ ازیں سکھ کمیونٹی نے بھی ٹرین کی آرائش میں حصہ لیا۔ یہ ٹرین سکھوں کی تاریخ ، گرونانک کی جائے پیدائش ننکانہ صاحب اور آرام گاہ کرتارپور کی تصاویر کے ساتھ ساتھ سکھ مذہب سے متعلق مختلف تصویروں ، زری کے کپڑوں ، آرائشی قالین ، پھولوں ، سازندوں اور گلوکاروں کی موجودگی میں سکھ کلچر اور مذہب کی بھرپور نمائندہ بھی ہے۔ ٹرین میں سوارسکھ یاتریوں نے پاکستان ریلوے کی جانب سے امن وآتشی کے اس پیغام کو خوب سراہا۔ سکھ اسپیشل ٹرین پانچ اکانومی کلاس ، پانچ اے سی سٹینڈر ، ایک پاور وین اور بریک وین پر مشتمل ہوگی۔