Live Updates

عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر خاموشی توڑے اور آگے بڑھ کر مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ عوام پر بھارتی مظالم روکنے کے لئے کردار ادا کرے، وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کیلئے مہم شروع کر رکھی ہے اور پاکستان کو اس پر خاطرخواہ کامیابی بھی ملی ہے

وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کی نجی ٹی وی سے بات چیت

اتوار 13 اکتوبر 2019 20:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2019ء) وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر خاموشی توڑے اور آگے بڑھ کر مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ عوام پر بھارتی مظالم روکنے کے لئے کردار ادا کرے، وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کیلئے مہم شروع کر رکھی ہے اور پاکستان کو اس پر خاطرخواہ کامیابی بھی ملی ہے۔

اتوار کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایماندارانہ قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے علاقائی امن کے لئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی امن کوششوں کو سبوتاز کرنے کے علاوہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر امور کشمیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے مابین اس بنیادی مسئلے کے بارے دنیا کو بین الاقوامی اور علاقائی خطرات سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بھارتی افواج انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہی ہیں، بے گناہ لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں قتل کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پوری مقبوضہ وادی میں خون بہہ رہا ہے۔

انہوں نے گزشتہ دو ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو کو کشمیریوں کی اجتماعی نسل کشی قرار دیا۔ انہوں نے بین الاقوامی میڈیا پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے اس دیرینہ مسئلے کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کیلئے مہم شروع کر رکھی ہے اور پاکستان کو اس پر خاطرخواہ کامیابی بھی ملی ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے آزاد کشمیر پر براہ راست حملہ کرنے کی غلطی کی تو اسے ہماری بہادر افواج کی طرف سے بھرپور جواب ملے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات