ممبئی کے اسپتال میں ڈاکٹر کی مریضہ سے جنسی زیادتی

ڈاکٹر نے مریضہ کی کئی ویڈیوز بنا کر بلیک میل بھی کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 اکتوبر 2019 11:57

ممبئی کے اسپتال میں ڈاکٹر کی مریضہ سے جنسی زیادتی
ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اکتوبر 2019ء) : یوں تو بھارت اپنے آپ کو سب سے بڑی جمہوریت قرار دیتا ہے لیکن اتنے بڑے ملک میں آج تک خواتین کے تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جا سکا۔ آئے روز خواتین سے جنسی زیادتی ، تیزاب گردی اور اغوا کے کئی واقعات سُننے میں آتے ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں خواتین کسی طور محفوظ نہیں ہیں۔ حال ہی میں ممبئی کے ایک اسپتال میں ایک واقعہ رپورٹ ہوا جہاں ڈاکٹر نے مریضہ کو بھی نہ چھوڑا اور اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق ممبئی کے ایک اسپتال میں ڈاکٹر نے مریضہ کو اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ یہی نہیں مریضہ کی مختلف ویڈیوز بنا کر اسے بلیک میل کرنے کی کوشش بھی کی۔ جس پر 27 سالہ مریضہ نے پولیس کو شکایت درج کروائی۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاتون نے پویس کو بتایا کہ وہ ڈاکٹر سے پہلی مرتبہ 2015ء میں علاج کی غرض سے ملی تھی، مئی 2015ء میں ڈاکٹر نے مجھے اپنے کلینک میں ہی ایک انجیکشن لگایا جس کی وجہ سے میں 45 منٹ تک بے ہوشی کی حالت میں رہی۔

گھر پہنچنے پر ڈاکٹر نے مجھے ایک ویڈیو کلپ بھیجا جسے دیکھ کر میں حیران رہ گئی۔ خاتون نے بتایا کہ ڈاکٹر نے مجھے بلیک میل کرنا شروع کیا جس کے بعد کئی موقعوں پر مجھے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ مجھے اس بات کا تذکرہ کرنے سے منع بھی کیا گیا اور سختی سے دھمکایا گیا۔ دسمبر 2018ء میں میری شادی ہو گئی اور میں نے ڈاکٹر سے اپنے تمام رابطے منقطع کر دئے۔

لیکن ڈاکٹر نے ایک مرتبہ پھر سے مجھ سے رابطہ کیا اور میری ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکی دی لیکن میں نے ڈاکٹر کی بات ماننے سے صاف انکار کر دیا۔ رواں برس اکتوبر میں ملزم نے مجھے بلیک میل کرنے کے لیے میرا ایک ویڈیو کلپ میرے شوہر کے نمبر پر بھیج دیا۔ جب میرے شوہر نے مجھ سے پوچھا تو میں نے ویڈیو کلپس اور دھمکیوں کی پوری حقیقت بیان کر دی۔ جس کے بعد میں نے شوہر کے ہمراہ پولیس اسٹیشن جا کر ملزم کے خلاف شکایت درج کروائی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے اس گھناؤنے فعل کے مرتکب 58 سالہ ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر نے مریضہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، اسے بلیک میل کیا اور اس کی ویڈیوز ایک مسیجنگ ایپلی کیشن کے ذریعے پھیلا دیں۔ ڈاکٹر کو 17 اکتوبر تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سے تفتیش کی جا رہی ہے۔