حکومت اپنے کئے گئے اعلان کے مطابق پنجاب بھر کے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرے،ایپکا

مشکل گھڑی میں ہر حکومت کی مدد کی، قرض اتارو ملک سنوارو مہم میں 64 کروڑ روپے دیئے، سیلاب زدگان، زلزلہ زدگان اور ڈیم فنڈ میں اربوں روپے کی مدد کی، ہمارے لیے مشکلات پیدا کرنا حکومت وقت کا افسوسناک اقدام ہوگا جس کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، ڈویژنل صدر،جنرل سیکرٹری و دیگر کا مشترکہ بیان

پیر 14 اکتوبر 2019 16:38

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) ایپکا کے ڈویژنل صدرچوہدری امتیازاحمدتتلہ،جنرل سیکرٹری چوہدری ذوالفقارعلی کاہلوں،میونسپل کارپوریشن ایپکاکے چیئرمین عامر اعوان، صدر محمد رضوان گجر،جنرل سیکرٹری شہبازاحمد جٹ، سینئرنائب صدر پنجاب رانامحمداحمد خاں،چیئرمین رانایاسرخورشید، میاں مقصودصوفی عبدالحفیظ،وارث گجر، چوہدری جاوید، شاہدامین،قاسم نور، سعادت بلوچ،آصف گل،چوہدری قاسم،جمیل خان خٹک، شیخ جمیل،راضون چٹھہ،یٰسین بلوچ،پرویزبسرا،حکیم خان نیازی،تجمل حسین اور دیگر عہدیداران مشترکہ بیان میں کہاہے کہ حکومت اپنے کئے گئے اعلان کے مطابق فوراً فیصل آباد،جڑانوالہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ،گوجرہ،سمندری سمیت پنجاب بھر کے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرے تاکہ ہروقت بے روزگار ہونے کی تلوارملازمین کے سرسے ہٹ سکے اوروہ بہتر انداز میں کام کریں۔

(جاری ہے)

امیتازاحمدتتلہ نے کہاکہ مہنگائی کے باعث ملازمین کا اپنا پیٹ پالنا مشکل ہو گیا ہے۔حکومت سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملنے والی سکالرشپ گرانٹ فوری بڑھانے کا اعلان کرے، تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔ چوہدری ذوالفقارعلی کاہلوں نے کہاکہ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو جلد ہی پورے ڈویژن فیصل آباد کے ملازمین قلم چھوڑ ہڑتال کر دیں گے۔

ڈیلی ویجز، ورک چارج، کنٹریکٹ ملازمین کو فوری طور پر ریگولر کیا جائے، ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق مطالبات پورے کئے جائیں، رہنمائوں نے کہاکہ ہر مشکل گھڑی میں ہر حکومت کی مدد کی، قرض اتارو ملک سنوارو مہم میں 64 کروڑ روپے دیئے۔ سیلاب زدگان، زلزلہ زدگان اور ڈیم فنڈ میں اربوں روپے کی مدد کی، ہمارے لیے مشکلات پیدا کرنا حکومت وقت کا افسوسناک اقدام ہوگا، جس کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔