وہاڑی:نواحی علاقہ 13ڈبلیو بی بستی چاند ماڑی کے رہائشی بنیادی سہولیات سے محروم

علاقہ میں گندے پانی اور کوڑے کرکٹ سے موذی امراض پھوٹنے لگے ، اہل علاقہ صاف پانی پینے کو ترس گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 اکتوبر 2019 17:03

وہاڑی:نواحی علاقہ 13ڈبلیو بی بستی چاند ماڑی کے رہائشی بنیادی سہولیات ..
وہاڑی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15اکتوبر2019ء، نمائندہ خصوصی،منور حُسین رجانہ ) نواحی علاقہ 13ڈبلیو بی بستی چاند ماڑی کے رہائشی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ علاقہ میں گندے پانی اور کوڑے کرکٹ سے موذی امراض پھوٹنے لگے ،جبکہ اہل علاقہ صاف پانی پینے کو ترس گئے ہیں۔ اہل علاقہ نے وزیر اعلی پنجاب سمیت دیگر اعلی حکام کو تحریری درخواستیں دے دیں مگر ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہو سکی۔

تفصیلات کے مطابق وہاڑی کے نواحی علاقہ 13ڈبلیو بی بستی چاند ماڑی میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔سیوریج کا گنداپانی گلیوں اور گھروں کے سامنے کھڑا ہے اگر کوئی وفات ہو جائے تو لوگوں کو اسی گندے پانی سے میت کو لے کر گزرنا پڑتاہے جبکہ اسکے علاوہ کوڑے کرکٹ اور گندے پانی سے ہیپاٹائیٹس سمیت دیگر امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لوگوں کو پینے تک کے صاف پانی کی سہولت تک دستیاب نہ ہے اور مجبوراً لوگ مضر صحت پانی پی رہے ہیں۔

اہل علاقہ کے رہائشیوں منیر گجر، رانا جمشید، مہر عدنان، محمد اقبال ودیگر نے پٹھان ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صوبائی رہنما عبدالغفار خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو تحریری درخواستیں دے دی۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ کبھی بھی ضلعی انتظامیہ کے کسی افسر نے ہمارے علاقہ میں آکر عوام کی مشکلات حل کرنا گوارا نہیں سمجھا۔سیاسی نمائندے بھی صرف ووٹ لینے کیلئے آتے ہیں اور پھر کوئی خبر نہیں لیتا ہے۔ اہل علاقہ نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔