Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے بین الاقوامی اسلامی بینک کے چیف ایگزیکٹو اور پاک قطر تکافل کے چیئرمین شیخ علی بن عبداللہ ثانی الثانی کی ملاقات

پاکستان میں مستقبل میں اپنے بزنس اور سرمایہ کاری کے منصوبوں بارے آگاہ کیا

منگل 15 اکتوبر 2019 18:05

وزیراعظم عمران خان سے بین الاقوامی اسلامی بینک کے چیف ایگزیکٹو اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان خطہ کے ساتھ مضبوط برادرانہ تعلقات اور قریبی تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے بالخصوص جون 2019ء میں قطر کے امیر کے دورہ پاکستان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بلندیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات منگل کو یہاں بین الاقوامی اسلامی بینک کے چیف ایگزیکٹو اور پاک قطر تکافل کے چیئرمین شیخ علی بن عبداللہ ثانی الثانی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

شیخ علی بن عبداللہ نے وزیراعظم کو پاکستان میں مستقبل میں اپنے بزنس اور سرمایہ کاری کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ پاکستان میں میزبانی کی صنعت میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس حوالہ سے منصوبہ بندی اگلے مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاک قطر تکافل کے پاکستان میں 70 شاخیں ہیں اور اب ان کا گروپ پاکستان میں ریئل اسٹیٹ ہائوسنگ اور میزبانی کی صنعت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہا ہے۔

انہوں نے خطے میں امن اور سلامتی کے لئے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا اور اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے لئے نیک خواہشات اور تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ بھائی چارے پر مبنی مضبوط تعلقات اور قریبی تعاون کو مثبت اہمیت دیتاہے۔ وزیراعطم نے رواں سال جون میں امیر قطر کے دورہ پاکستان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نئی بلندیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات