چین کا پاکستان کو 5 ارب ڈالرز مالیت کا دنیا کا جدید ترین جنگی ہتھیار فراہم کرنے کا فیصلہ

آرمی چیف جنرل قمر باوجوہ کے حالیہ دورہ کے دوران طے کیے گئے معاملات کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کو 8 جنگی آبدوزیں فراہم کی جائیں گی

muhammad ali محمد علی بدھ 16 اکتوبر 2019 20:52

چین کا پاکستان کو 5 ارب ڈالرز مالیت کا دنیا کا جدید ترین جنگی ہتھیار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2019ء) چین کا پاکستان کو 5 ارب ڈالرز مالیت کا دنیا کا جدید ترین جنگی ہتھیار فراہم کرنے کا فیصلہ، آرمی چیف جنرل قمر باوجوہ کے حالیہ دورہ کے دوران طے کیے گئے معاملات کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کو 8 جنگی آبدوزیں فراہم کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پڑوسی، برادر اور دوست ملک چین نے دفاعی میدان میں پاکستان کی مزید مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حالیہ کچھ عرصے کے دوران بھارت کی جانب سے پاکستان اور چین دونوں ممالک کو مسلسل جنگ کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ بھارت کی جانب سے اپنی اوقات سے بڑھ کر دی جانے والی دھمکیوں کے باعث خطے کا امن خطرے سے دوچار ہے۔ ایسی صورتحال میں پاکستان اور چین نے دفاعی تعاون میں مزید اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ایک نیا دفاعی معاہدہ ہوا ہے جس کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کو 8 جنگی آبدوزیں فراہم کی جائیں گی۔

ان جنگی آبدوزوں کی مالیت 4 سے 5 ارب ڈالرز تک ہوگی۔ چین کی جانب سے یہ جنگی آبدوزیں پاکستان کو مرحلہ وار فراہم کی جائیں گی۔ جبکہ پاکستان نے اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے چین پر اپنا انحصار مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چین معاشی میدان میں سپر پاور بننے کے بعد اب دفاعی انڈسٹری میں بھی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ایسے میں پڑوسی اور دوست ملک ہونے کی وجہ سے پاکستان کیلئے یہ صورتحال بہت فائندہ مند ہے۔ جبکہ چین کی جانب سے پاکستان کو جدید جنگی ٹینک اور دیگر دفاعی آلات بھی فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔