سینیٹر تاج حیدر کا چیف الیکشن کمشنر کے نام خط،لاڑکانہ کے حلقے PS-11 میں پیپلز پارٹی پارٹی امیدوار کے لئے انصاف کا مطالبہ

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے لاڑکانہ کے حلقے PS-11 میں پارٹی کے امیدوار کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ مطالبہ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے نام ایک خط میں کیا ہے جس میں انہوں کہا ہے کہ پارٹی کے امیدوار اور ان کے پولنگ ایجنٹوں کو گنتی کے عمل کو دیکھنے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں بزور طاقت پولنگ اسٹیشنوں سے نکال دیا گیا، نہ انہیں فارم 45 پر دستخط کرنے کی اجازت دی گئی اور نہ ہی انہیں فارم45 کی کاپیاں مہیا کی گئیں۔

انہوں نے ڈی آر او آفس پر یہ الزام لگایا کہ جعلی فارم 45 آخر میں دئیے گئے۔ انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ صرف وہ سیاسی پارٹیاں جو وفاقی حکومت میں شامل ہیں نے پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ 2018ئ کے عام انتخابات کی طرح سے جعلی اور متنازعہ انتخابات دہرائے جا سکیں اس لئے وفاقی حکومت فوج کو متنازعہ اور سیاسی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا فسطائیت اور جمہوریت ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور آخری فتح بالآخر جمہوریت کی ہی ہونی ہے۔ن