ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی برطانوی شاہی جوڑے کے کامیاب دورہ پاکستان سے جلن کا نتیجہ

بھارتی میڈیا نے شاہی جورے کی آمد سے قبل پراپیگنڈا کا آغاز کیا تھا،بات نہ بنی تو سرحدوں پر اشتعال انگیزی شروع کر دی،بھارت دہشتگردوں کیخلاف کاروائیوں پر ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کی تعریف پر بھی حسد محسوس کر رہا ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 21 اکتوبر 2019 13:29

ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی برطانوی شاہی جوڑے کے کامیاب دورہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اکتوبر2019ء) جب سے برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کا اعلان ہوا تب سے بھارتی میڈیا نے ایک پراپیگنڈا کا آغاز کر دیا کہ برطانوی شاہی جوڑا ایک ایسے ملک کے دورے پر گیا ہے جس کوسیکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔بھارتی میڈیا اپنا پراپیگنڈا کرتا رہا تاہم برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کا تاریخی دورہ مکمل کر کے وطن واپس چلا گیا۔

شاہی جوڑے کے اس دورے کی وجہ سے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں اجاگر ہوا۔جس کا ذکر برطانوی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل جوناتھن ڈیوڈ شا نے بھی کیا۔گذشتہ روز انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی اور امن بحال ہو چکا، جس کا سہرا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ برطانوی شاہی جوڑے کے دورے میں نظر آیا کہ پاکستان میں اندرونی سیکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے، اس دورے سے پاکستان کا ایک مثبت تاثر ابھرا۔

(جاری ہے)

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے دورہ پاکستان کی میڈیا کوریج بھی دنیا بھر میں کی گئی۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے اسلام آباد، لاہور اور شمالی علاقہ جات کے خوبصورت مقامات کی سیر کی۔اس موقع پر شاہی جوڑے نے مختلف تقریبات میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ اس دوران شاہی جوڑا پاکستان کے ثقافتی رنگوں میں نظر آیا جسے پاکستانی مداحوں نے خوب سراہا۔

تاہم بھارت سے پاکستان کی یہ کامیابی برداشت نہ ہوئی جب میڈیا پر پراپیگنڈا کرنے سے بھی بات نہ بنی تو وہ سرحدوں پر آ گیا اور بلا اشتعال فائرنگ کا آغاز کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی لانس نائیک زاہد اور پانچ شہری شہید ہوئے جب کہ پاک فوج کے دوجوان اور تین شہری زخمی ہوگئے ۔ پاک فوج کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی برطانوی شاہی جوڑے کے کامیاب دورہ پاکستان سے جلن کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے۔بھارت جھوٹے دعوے کرتے ہوئے دنیا کو بتا رہا ہے کہ پاکستان ہمارے علاقوں میں دہشت گرد بھیج رہا ہے،جب کہ دنیا اس بات کا اعتراف کر رہی ہے پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور اس کے نتیجے میں کئی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔جس کی واضح مثال ایف اے ٹی ایف اجلاس کے دوران پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرنا ہے تاہم بھارت سے یہ بات ہضم نہ ہوئی اور اس نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کر کے شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے تاکہ دنیا کے سامنے ایک بار پھر پراپیگنڈا کیا جا سکے۔