مولانا فضل الرحمن کی قومی اداروں کے خلاف تقریر پر کارروائی کے لئے درخواست پر سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی

منگل 22 اکتوبر 2019 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قومی اداروں کے خلاف تقریر پر کارروائی کے لئے دائر درخواست پر سماعت آج (بدھ )کواسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔ شہری شاہجہاں خان خٹک کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت عدالت عالیہ اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کریں گے۔

(جاری ہے)

درخواست میں آزادی مارچ کا اعلان کرنے والی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام پر پابندی عائد کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔ درخواست میں مولانا فضل الرحمن ، وفاق بذریعہ وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر سمیت چیئرمین پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے پاک فوج کے خلاف تقریر کی ، مولانا فضل الرحمن کی تقاریر اور ان کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔