Live Updates

چینی حکومت پی ٹی آئی کے اقتدار پر چار وجوہات کی بنا پر شاکی تھی

چینی حکومت کے شاکی ہونے کی ایک وجہ یہ تھی کہ عمران خان کے بیٹے برطانیہ کے شہری ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 اکتوبر 2019 10:43

چینی حکومت پی ٹی آئی کے اقتدار پر چار وجوہات کی  بنا پر شاکی تھی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2019ء) : چین پاکستان کا ہمسایہ ملک ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین دوست بھی ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد چینی حکومت بھی پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار پر شاکی تھی۔ اس حوالے سے سینئیر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے اپنے حالیہ کالم میں بتایا کہ چینی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے چار وجوہات کی بنا پر شاکی تھی۔

اول اس بنیاد پر کہ پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان کے بیٹے برطانیہ کے شہری ہیں۔ دوم اس بنیاد پر کہ نواز شریف اور بالخصوص شہباز شریف ان کے فیورٹ تھے کیونکہ انہوں نے سی پیک پر ویسے کیا جیسے چینیوں نے چاہا۔ سلیم صافی کے مطابق سوم اس بنیاد پر کہ چینی صدر کو سی پیک کے حوالے سے انتہائی اہم دورہ پاکستان پی ٹی آئی کے دھرنے کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا تھا اور چہارم اس بنیاد پر کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور خیبرپختونخواہ کی حکومت نے مسلم لیگ ن کی دشمنی میں سی پیک کے حوالے سے چینیوں کے لئے ناپسندیدہ رویہ اختیار کیا تھا۔

(جاری ہے)

انتخابات کے بعد بڑی مشکل سے ان کے چین کے ساتھ تعلقات استوار کئے گئے لیکن ان کے وزرا کے بیانات اور رویے سے چین بدظن ہوگیا تھا۔ بعد ازاں دوبارہ چین کے ساتھ وعدے وعید ہوئے لیکن درمیان میں آئی ایم ایف آٹپکا۔ گذشتہ پانچ سال کے دوران امریکہ اور آئی ایم ایف کا مطالبہ رہا کہ سی پیک کے معاہدوں کی تفصیلات اس کے ساتھ شیئر کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب آئی ایم ایف کے نمائندے وزیر خزانہ بنے اور آئی ایم ایف ہی کے نمائندے چیئرمین ایف بی آر بنے۔ یہی وجہ ہے کہ سی پیک کے حوالے سے چین کا رویہ سرد مہری کا شکار ہوگیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات