نواز شریف کی طبعیت اُن کے ذاتی معالج کی تجویز کردہ ادویات کی وجہ سے خراب ہوئی، فیاض الحسن چوہان

بدھ 23 اکتوبر 2019 13:01

نواز شریف کی طبعیت اُن کے ذاتی معالج کی تجویز کردہ ادویات کی وجہ سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی طبعیت اُن کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی تجویز کردہ ادویات کی وجہ سے خراب ہوئی، (ن) لیگ نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ہوئے انہوں نے کہا کہ طبیعت کی خرابی کے بعد نواز شریف کو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پر سارا دن انہیں خصوصی علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ علاج کے دوران نواز شریف کے خون میں پلیٹ لیٹس کی کمی کے باعث انہیں 2 بار پلیٹ لیٹس کی میگا کٹس بھی لگائی گئیں تاہم اس کے باوجود (ن) لیگیوں کی سیاست کا یہ عالم ہے کہ احسن اقبال پریس کانفرس میںکہتے ہیں کے اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار وزیر اعظم ہوں گے جبکہ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز بھی کہتے ہیں کہ میرے والد کو زہر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے بڑے اچھے طریقے سے نواز شریف کا علاج کرایا ہے جس سے ان کی طبعیت میں بہتری آئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کے کیپٹن صفدر کا کردار مدعی سست گواہ چست والا ہے وہ عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں پر پاکستان کی نظریاتی اساس پر الٹے سیدھے بیانات دیتے ہیں ۔