عوام کیلئے خوشخبری، اورنج لائن میٹروٹرین چلنے کیلئے تیار، 28اکتوبر کوبجلی سے ٹرین چلانے کا پہلی بار آزمائشی ٹرائل

ڈیرہ گجراں سے انار کلی تک 13سٹیشن پر کام مکمل جنوری میں عوام ٹرین پر سفر کر سکیں گے، کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا‘سردار عثمان بزدار

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:19

عوام کیلئے خوشخبری، اورنج لائن میٹروٹرین چلنے کیلئے تیار، 28اکتوبر ..
لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے اور ٹرین کو پہلی بار بجلی سے چلانے کے آزمائشی ٹرائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈیرہ گجراں سے انار کلی تک 13سٹیشن پر کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اورنج لائن میٹروٹرین 28اکتوبر سے ڈیرہ گجراں تا انارکلی تک چلائی جا سکے گی اور ٹرین کو بجلی سے چلانے کا پہلی بار آزمائشی ٹرائل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ 11دیگر سٹیشن پر کام کو نومبر کے اوائل تک مکمل کرلیا جائے گا اور ان سٹیشن پر کام مکمل ہونے کے بعد اورنج لائن میٹروٹرین کو پورے ٹریک پر بجلی سے چلا کر آزمائشی ٹرائل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ٹرین کے آزمائشی ٹرائل کے موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر نے منصوبے کو عوام کیلئے جلد سے جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹرین کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا او رامید ہے کہ جنوری میں ٹرین پر عوام سفر کر سکیں گے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔